وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورۂ بھارت سے پہلے چین نے پاکستان کو اعتماد میں لے لیا۔ چینی صدر 11،12 اکتوبر کو بھارت کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ صدر شی جن پنگ ایک مختصر غیر رسمی دورے پر بھارت جارہے ہیں چنانچہ دورے کے بعد بھی بیجنگ اسلام آباد کو پوری طرح باخبر رکھے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق چین کی پوزیشن واضح ہے، چین نے پاکستان کی تاریخی پوزیشن کو اپنایا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں جہاں پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، چین نے بھی کشمیر کے حوالے سے بات کی اور تشویش کا اظہار کیا۔