اسلام آباد (عاصم یاسین) چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کاروباری افراد کو نیب میں طلب کرنے کے حوالے سے تمام علاقائی بیوروز کو پالیسی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق کاروباری افراد کو ٹیلیفون پر پیغامات کے ذریعے طلب نہیں کیا جائیگا۔ نیب ہیڈکوارٹرز کی جانب سے نیب کے ریجنل دفاتر کے ڈائریکٹر جنرلز کو ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں چیئرمین نیب نے یہ ہدایت جاری کی ہے کہ کاروباری افراد کو ٹیلیفون کے ذریعے طلب نہیں کیا جائیگا۔ اگر کسی سے الزامات کے حوالے سے تحقیقات کی ضرورت ہوئی تو اس سے تحریری جواب طلب کیا جائیگا۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ اگر کسی شخص نے تحریری جواب میں اطمینان بخش جواب نہ دیا یا مزید وضاحت درکار ہوئی تو اس کیلئے اسے ایک سوالنامہ بھیجا جائے گا۔