• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا ٹریبونلز بنانے کی کوئی تجویز اعلی سطح پر زیر غور نہیں، نعیم الحق

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت صحافیوں اور اخباری ملازمین کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انہیں حل کرانے کی پوری کوشش کی کی جائے گی۔ نعیم الحق نے کہا کہ انہیں کسی میڈیا ٹربیونل کے بارے میں کوئی علم نہیں اور نہ ہی اعلیٰ سطح پر ٹربیونل بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (ورکرز) کے صدر پرویز شوکت سے بات چیت کر رہے تھے۔ پرویز شوکت نے نعیم الحق کے دفترمیں ان سے ملاقات کی اور میڈیا ٹربیونلز کے حوالے سے استفسار کیا کہ ٹربیونل بنانے کیلئے تمام اسٹیٹ ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ کوئی ایسا تاثر نہ پیدا ہو کہ حکومت میڈیا پر کسی قسم کی قدغن لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پرویز شوکت نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کو بعض اخبارات اور چینلز کو کئی کئی ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے پیدا سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ نعیم الحق نے کہا کہ انہیں میڈیا ٹربیونل کے قیام کے بارے میں کوئی علم نہیں بعض لوگوں نے میرے نام کو استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو درپیش مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے اور اس حوالے سے وہ وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے بھی بات کریں گے۔
تازہ ترین