• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن کی پاکستان میں مسائل پر معاونت کررہے ہیں، نعیم عباسی

لندن / لوٹن (پ ر ) اوورسیز پاکستانیز کمیشن حکومت پنجاب کے نئے تعینات ہونے والے ترجمان اورچیئرمین او پی ڈبلیو سی نعیم عباسی نقشبندی کے اعزاز میں ایک عشائیہ تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں ممتاز بزنس مین اور یوکے یورپ پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین چوہدری عبدالعزیز، او پی ڈبلیو سی پروفیشنل فورم برطانیہ و یورپ کے صدر انجینئر فرخ جمیل، او پی ڈبلیو سی بزنس فورم لندن کے صدر ملک امیر کابل، پی ٹی آئی کے چوہدری عبدالمجید، چیئرمین چوہدری محمد افسر، ملک فیصل اعوان، سید صفدر بخاری، اسرار خان سمیت دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ترجمان او پی سی حکومت پنجاب نعیم عباسی نقشبندی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب جو کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور پنجاب بھر سے دُنیا کے مختلف ممالک میں تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے۔ ان تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اوورسیز کمیشن پنجاب مکمل قانون سازی کے بعد ایک ایسا ادارہ بنایا گیا ہے جس میں ڈی ایم جی گروپ کے افسران کو شامل کرنے کےساتھ ساتھ تمام اضلاح کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور ڈی سی اوز اور ریونیو افسران پر مشتمل ضلعی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ضلعی سطح پر پنجاب بھر میں اوورسیز کمیونٹی کو انکے مختلف محکمہ جات میں درپیش مسائل بالخصوص پولیس اور لینڈ مافیا کے حوالے سے قانونی طور پر معاونت فراہم کی جائے۔ اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے وائس چیئرمین او پی سی وسیم اختر رامے برطانیہ، یورپ اور مڈل ایسٹ میں بھی اوورسیز کمیشن پر شکایات کے اندراج اور اس کمیشن کے اغراض و مقاصد اور افادیت کو اجاگر کرنے کیلئے تنظیم سازی کا عمل کر رہے ہیں تاکہ صحیح معنوں میں تارکین وطن کے مسائل حل ہوں اور اوورسیز میں بسنے والی نئی نسل کا اداروں پر اعتماد بحال ہو تاکہ زر مبادلہ اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔ اس ضمن میں حال ہی میں وائس چیئرمین او پی سی وسیم اختر نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے ادارہ کو مزید متحرک کرنے کیلئے برطانیہ یورپ اور مڈل ایسٹ کے کامیاب دورے بھی کئے اور بزنس و پروفیشنل کمیونٹی رہنماؤں، ممبر آف پارلیمنٹس، منتخب ٹاؤن میئرز،کونسلرز اور دیگر کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور اوورسیز کمیونٹی کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ تارکین وطن کی جان ومال اور عزت کی حفاظت کو یقینی بنایا جائےگا۔ نعیم عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت کے تقاضے ہیں اوورسیز میں آباد پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ وہ تمام تاجروں کو اکٹھا کرکے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے سیمینار منعقد کرنا چاہتے ہیں اس ضمن میں انہوں نے رواں سال جنوری میں پاکستان اور آزادکشمیر کا دورہ بھی کیا تھا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جتنی مستحکم ہوگی بیرونی ممالک سے سرمایہ کاری اسی قدر بڑھے گی، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان پر اوورسیز میں مقیم پاکستانی اعتماد کرتے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ ان کی حکومت کو مضبوط کرنے کے لئے سرمایہ کاری بڑھائی جائے لیکن ملک میں افراتفری پھیلانے والے اور بیوروکریٹ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے لیکن پاکستان کے ریاستی اداروں اور وزیراعظم کو اس کا اچھی طرح ادراک ہے اس سے پہلے شیراز خان کا کہنا تھا کہ نعیم عباسی عرصہ دراز سے سماجی کاموں میں متحرک ہیں اور بلاامتیاز اوورسیز پاکستانیوں کے کام کرتے ہیں، یوکے، یورپ کے پاکستانی ان پر اعتماد کرتے ہیں سید صفدر بخاری، اسرار راجہ، چوہدری عبدالمجید سمیت سب نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے کشمیر کے ایشوز پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔
تازہ ترین