• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں آج بصارت کا دن منایا جارہا ہے


پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم بصارت منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد بصارت کی حفاظت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 18 لاکھ سے زائد افراد اندھے پن کا شکار ہیں جبکہ 80 فیصد ایسے ہیں جن کا علاج ممکن ہے۔

دور جدید میں ٹیلیویژن‘ موبائل فونز‘ ٹیبلیٹس اور ان جیسے دیگر آلات کا غیرضروری اور غیراحتیاطی استعمال انسانوں کو بہت سے مسائل سے دوچار کرتا ہے جن میں سے ایک نظرکی کمزوری بھی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے معمولات میں کچھ تبدیلی لا کر اپنی نظر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

بصارت کو محفوظ بنانے کیلئے طبی ماہرین کچھ مفید ٹپس بھی بتاتے ہیں۔کام کے دوران جب بھی کمپیوٹر استعمال کریں تو اپنی آنکھوں کو جھپکیں تاکہ آپ کی آنکھیں خشکی کا شکار نہ ہو جائیں۔

کمپیوٹر کی اسکرین سے تقریباً 25 انچ دور بیٹھیں۔ ہر آدھے گھنٹے بعد 20 سیکنڈ کا وقفہ لیں اور اپنی آنکھیں کمپیوٹر اسکرین سے ہٹا کر ذرا فاصلے کے مناظر دیکھیں ‘اس سے آنکھوں کو راحت ملے گی۔

اپنی آنکھوں پر غیرضروری بوجھ نہ ڈالیں اور اگر آپ کسی ورک اسپیس پر بیٹھ کر کام کر رہے ہیں تو ہر ایک گھنٹے بعد پانچ منٹ کا وقفہ کریں اور اٹھ کر چہل قدمی کریں یا کھلی فضا میں جا کر سانس لیں۔

وقفے کے دوران اپنے دونوں ہاتھوں کو آپس میں رگڑیں اور پھر آنکھیں بند کر کے آنکھوں پر رکھ دیں اس سے بھی راحت ملے گی۔

اس کے علاوہ غذا میں وٹامن اے، سی اور ڈی کا استعمال رکھنے سے بھی بینائی کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہےاگر ہم روزمرہ معمولات میں آنکھوں کی حفاظت اور دیکھ بھال پر توجہ دیں تو خدا کی یہ بہترین نعمت مسائل سے پاک رہے گی ۔

تازہ ترین