• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو امن و سکون دئیے بغیرشہر ترقی نہیں کرسکتا، فردوس شمیم نقوی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات میں اضافے کا ذمہ دار وزیر اعلیٰ سندھ ہیں،عوام کو امن و سکون دئیے بغیر یہ شہر ترقی نہیں کرے گا ،اگر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ ہے تو اس پر عمل درآمد ،آصف ہارون کے قاتل کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق رکھتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی اسلم خان، اکرم چیمہ، عطاءاللہ خان اور رکن سندھ اسمبلی عمر عماری اور آصف ہارون شہید کے اہل خانہ بھی موجود تھے،فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ آصف نے عوام کی خدمت کے لئے زندگی کو وقف کیا،آصف ہارون ہمارے پرانے ساتھیوں میں سے تھے،وہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں تھے،ان کے اہل خانہ شدید غم میں مبتلا ہیں۔آصف کے قتل کی تفتیش پر ہمیں تشویش ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ تین دن پہلے سی پی ایل سی نے کرائم فیگرز جاری کئےجس میں ٹارگٹ کلنگ کی شرح سب سے زیادہ ہے، انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پولیس افسران تبدیل کردیتے ہیں ، ضلع وسطی اور شرقی میں کرائم زیادہ ہے،ٹارگٹ کلنگ،موٹر سائیکل و کار چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے،پولیس کی بہتری کے لئے تجاویز آئی جی کو دینگے۔ضلع وسطی حساس علاقہ ہے مگر کیمرے خراب ہیں،وزرات داخلہ کا قلمدان وزیراعلی کے پاس ہے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایک سیاسی کارکن کے قتل کی تفشیش سے آگاہ کریں۔

تازہ ترین