معروف گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ’ میں نے اپنی اہلیہ سارہ سے شادی اِس لیے کی ہے کیونکہ انہیں میرا میوزک پسند نہیں ہے‘۔
پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتےہوئے اِس بات کا انکشاف کیا کہ ’اُن کی اہلیہ سارہ کو اُن کا میوزک پسند نہیں ہے اور اِسی وجہ سے اُنہوں نے سارہ سے شادی کی۔
عاطف اسلم نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’میں بہت مصروف رہتا ہوں لیکن میری بیوی کبھی اِس بات کے لیے مجھ سے شکایت نہیں کرتی ہے کیونکہ اُنہوں نے مجھے دیکھ کر شادی کی، میرے میوزک یا میری شہرت کو دیکھ کر مجھ سے شادی نہیں کی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میری بیوی کا برتاؤ میرے لیے عام لوگوں کی طرح ہوتا ہے اور مجھے اُن کی یہ عادت بہت پسند ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے کہا کہ ’میرے والدین سادہ لوگ ہیں اُنہوں نے میری پرورش ایسے کی ہے کہ مجھے ہمیشہ زمین پر ہی رکھا ۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’میں ہمیشہ یہ ہی سوچتا رہتا ہوں کہ میں اپنے رب کا کیسے شُکر ادا کروں جس نے مجھے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جبکہ انڈسٹری میں مجھ سے زیادہ ماہر فنکار موجود ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اپنے کیریئر کے آغاز میں مجھے کچھ معلوم نہیں تھا کہ کس سے مِلنا ہے اور کیسے مِلنا ہے، کپڑے کتنے ضروری ہیں، ڈیزائن کتنا ضروری ہے، میں کالج کے لڑکوں کی طرح رہتا تھا، وہ میرے لیے بہت مشکل وقت تھا۔‘
یہ بھی پڑھیے: عاطف اسلم کی حمد ریلیز ہوتے ہی مقبول
اُنہوں نے بتایا کہ ’جب اُنہوں نے گٹار بجانا شرو ع کیا تو اُس وقت گٹار کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا کہ یہ ایک خاص دُھن کے ذریعے بجتا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ’وہ 3 بے سُری تاروں پر گٹار بجاتے تھے اور پھر اُن میں سے ہی کوئی اچھی دُھن تلاش کرنے کی کوشش کرتے تھے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ’میں نے گلوکاری میں اپنا کیریئر اِس لیے نہیں بنایا کہ مجھے نمبر ون بننا ہے بلکہ میوزک میں میری روح ہے اور میں کہتا ہوں کہ میوزک سے ہی مجھے خُدا ملا ہے۔‘
اُنہوں نے بتایا کہ ’جب میں 14 سال کا تھا تو میں نے ایک نعت سُنی تھی جس کا نام ُقصیدہ بُردہ شریف‘ ہے، اُس کو جب سُنا تو اُس نے میرے کان پکڑے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’اُس وقت معلوم نہیں تھا کہ یہ کتنی اہم چیز ہے، اِس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کا نام ہے، وہ سُننے کے بعد اُنہوں نے ڈھونڈنا شروع کیا کہ کائنات کیا ہے؟ اللّہ کیا ہے؟ کائنات کس لیے بنی ہے؟ اور اُس کے بعد اُنہوں نے میوزک سُننا شروع کیا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے قسمت پر بہت یقین ہے جو میرے نصیب میں لکھا ہے وہ مجھے مل کر رہے گا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ بھارت میں میرے اتنے زیادہ مداح بن جائیں گے لیکن اب بن گئے ہیں تو اچھی بات ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے کہا کہ ’مجھے افسوس نہیں ہے کہ بھارت میں مجھ پر پابندی لگادی گئی ہے، میں پاکستان میں اپنا کام جاری رکھوں گا کیونکہ مجھے جو بھی شہرت ملی ہے وہ پاکستان سے ملی ہے۔‘
دوسری جانب گزشتہ روز کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط میں عاطف اسلم نے حمد ’وہ ہی خُدا‘ پڑھی، جس کے بعد اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ کی تعریف اور اُس کے محبوب پر دُرود بھیجنے کا مزہ ہی الگ ہے۔‘
آخر میں اُنہوں نے مظفر وارثی کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ پاک مظفر وارثی کے درجات بُلند فرمائے آمین۔‘