آپ آف لائن ہیں
بدھ16؍ذیقعد 1441ھ 8؍ جولائی 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

ہالی ووڈ اداکارہ نے عابدہ پروین کو روحانی ماں کہہ دیا

ہالی ووڈ اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ  نے عابدہ پروین کو روحانی ماں کہہ دیا


شہرت یافتہ مایہ ناز صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کے نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں بے شمار مداح ہیں، جو اُن کے کلام کوصرف پسند ہی نہیں کرتے ہیں بلکہ انہیں اپنا اُستاد مانتے ہیں اور انہیں روحانی ماں کا درجہ بھی دیتے ہیں۔

کچھ روز قبل امریکا کے شہر سان فرانسسکو میں Development and Literacy  گالا کا انعقاد کیا گیا جس میں صوفیانہ کلام کی ملکہ عابدہ پروین نے اپنے کلام سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

معروف ہالی ووڈ اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ بھی اس تقریب میں موجود تھیں انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عابدہ پروین کے کلام کی ایک ویڈیو اور اُن کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک رات میری روحانی والدہ کے ساتھ جسے میں کبھی نہیں بھلا سکتی۔‘

ہالی ووڈ اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ نے پہلی مرتبہ عابدہ پروین کی تعریف نہیں کی ہے بلکہ وہ اس سے قبل بھی کئی بار سوشل میڈیا پر اُن سے محبت کا اظہار کرچکی ہیں۔

چند ماہ قبل جاڈا اسمتھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کے کوک اسٹوڈیو کے گانے کو شیئر کیا تھا اور ساتھ میں لکھا تھا کہ عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان صوفی موسیقی کے لیے میری دو پسندیدہ آوازیں ہیں، اس گانے چھاپ تلک کو یوٹیوب پر جاکر دیکھیں، یہ بہت خوبصورت ہے۔


اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے جاڈا کے خیالات کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا کہ میں زبان تو نہیں سمجھ پارہی مگراس کی روح اور نبض کو محسوس کررہی ہوں، ایسی موسیقی خوبصورت ہوتی ہے۔

ایک اور صارف نے امریکی اداکارہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو مثبت انداز سے پیش کرنا اچھا لگا، خصوصاً اس وقت جب میڈیا اور مخالف ممالک ملک کے بارے میں منفی خبریں پھیلارہے ہیں۔

واضح رہے کہ جاڈا اسمتھ ادکارہ اور گلوکارہ ہونے کے ساتھ معروف اداکار ول اسمتھ کی اہلیہ بھی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید