پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا بیان اشتعال انگیز، پاکستان مخالف، انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چُور سوچ کا عکاس قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے ہریانہ میں انتخابی ریلی میں اشتعال انگیز بیانات دیئے، پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور عوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں، بھارتی وزیر دفاع کا بیان بی جے پی حکومت کے ذہن کی عکاسی کرتاہے۔
ترجمان نے کہا کہ دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے گزشتہ روز پاکستان مخالف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ 1947 میں آپ نے بھارت کے 2 ٹکڑے کیے تھے جس کے جواب میں بھارت نے 1971 میں آپ کے 2 ٹکڑے کر ڈالے اور اگر صورتحال یہی رہتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت ایسی نہیں جو پاکستان کو مزید ٹکڑے ہونے سے بچا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سنجیدہ ہیں تو ہم مدد کیلئے اپنی فوج بھیج دیتے ہیں، رافیل طیارے کی پوجا پر اپوزیشن کی تنقید سے پاکستان کو تقویت ملتی ہے۔