• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ہیروئنیں اداکاری سے زیادہ بالوں پر توجہ دیتی ہیں‘

نامور ڈراما نگار، فلم نویس اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ آج کی ہیروئنیں اداکاری سے زیادہ اپنے بالوں پر توجہ دیتی ہیں۔

کراچی میں جنگ سے بات کرتے ہوئےخلیل الرحمان قمر نے کہا کہ آج کل کی اداکارائیں اداکاری سے زیادہ اپنے بالوں پر توجہ دیتی ہیں جبکہ کوئی بھی اداکارہ اپنے دل کش ہیئر اسٹائل کی وجہ سے فلموں میں کام یابی حاصل نہیں کرسکتی، فلم بینوں کے دل جیتنے کے لیے اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کرنا ہوتا ہے۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ انہوں نے عالمی شہرت یافتہ گائیک راحت فتح علی خان کے لیے ایک گیت لکھا تو وہ رومانوی گیت ساری دُنیا میں مقبول ہوگیا۔ ’’محبت بھی ضروری تھی، بچھڑنا بھی ضروری تھا‘‘ کو یوٹیوب پر کروڑوں بار دیکھا اور سُنا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جو بھی تحریر لکھتا ہوں، دل سے لکھتا ہوں، میری لکھی ہوئی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کو پسند کرنے پر مداحوں کا مشکور ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میری ساری توجہ اب فلموں کی ڈائریکشن اور کہانیوں پر ہے، میں نے کوشش کی کہ ہمیشہ سچ لکھوں۔ پہلی بار فلم کی ڈائریکشن دی تو بہت تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا لیکن میں نے اُس سے بہت کچھ سیکھا۔

ہماری فلم انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ بالی ووڈ کے سب سے کامیاب فلم ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ راج کمار ہیرانی بہت بڑے رائٹر اور ڈائریکٹر ہیں، انہوں نے کئی یادگار فلمیں بنائی ہیں۔

ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ میں نے درجنوں ڈراما لکھے ہیں، انہیں ناظرین نے بہت پسند کیا اور کئی ایوارڈز بھی جیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے کشمیریوں کے لیے فلم’کاف کنگنا‘ بنائی ہے، اس میں تمام فن کاروں نے بہت محنت کی ہے۔

تازہ ترین