• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نازیوں نے برطانیہ میں کہاں کہاں بم گرائے، نقشہ تیار

نازیوں نے برطانیہ میں کہاں کہاں بم گرائے، نقشہ تیار


برطانیہ میں تاریخ پر تحقیق کرنے والوں نے  ایک ایسا انٹر ایکٹیو نقشہ تخلیق کیا ہے جس میں ان تیس ہزار مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر دوسری عالمگیر جنگ کے دوران نازی جرمنی نے برطانیہ پر تیس ہزار فضائی حملے کیے۔

اس نقشے میں تفصیلی طور پر ریکارڈ موجود ہے کہ 1939 سے 1944 کے دوران کب اور کہاں دشمن کے بم گرے۔ یہ ریکارڈ 16 اکتوبر 1939میں پہلے بم کے ایڈنبرگ میں گرائے جانے سے لیکر 29مارچ 1945 کو جنوب مشرقی انگلینڈ میں کیے گئے آخری فضائی حملے پر مشتمل ہے۔

انگلینڈ میں واقع یونیورسٹی آف یارک اور نیشنل آرکائیو کے ماہرین نے بڑی  عرق ریزی کے ساتھ اس تحقیقی کام کو ترتیب دیا اور دوسری عالمگیر جنگ کے دوران انگلستان پرکئے گئے ایک ایک فضائی حملے کی تفصیل دکھائی گئی ہے۔

لندن اور اسکے گرد و نواح پر کیے گئے شدید فضائی حملوں کی اس سے قبل بھی تفصیلات جاری کی چکی ہیں، لیکن پورے انگلستان کے ایک سنگل پروجیکٹ میں اس طرح سے تفصیلی نقشہ اس سے قبل کبھی جاری نہیں کیا گیا۔

یہ نقشہ جوکہ استعمال کے لیے بالکل مفت ہے، ان چھ ہزار روزانہ کی رپورٹس کی بنیاد پر بنا گیا ہے جوکہ برطانوی وزارت داخلہ و سیکورٹی اور سینئر حکام نے جنگ کے زمانے میں انٹیلی جنس افسروں کی جانب سے بھجوائی گئی روزانہ کی رپورٹوں سےترتیب دی ہے۔

اسکا آغاز ہٹلر کی نازی پارٹی کی جانب سے تباہ کن طور پر پولینڈ کی فتح کے چھ ہفتے بعد سے ہوتا ہے۔ اس میں نہ صرف بم گرائے جانے کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے بلکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بم پھٹا بھی یا نہیں۔

اس نقشے پر کلک کرنے والا فضائی حملے کے بارے میں معلومات ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ، حملے کی بالکل درست تاریخ، مقام اور اموات کی تعداد کی معلومات بھی حاصل کرسکے گا۔

مثلاً 19اپریل 1941کی رات لندن میں واقع واٹر لو برج پر کیے گئے فضائی حملے کے مقام کا نقشہ، حملے کی تمام تر تفصیلات جس میں 240 افراد ہلاک اور 880 زخمی ہوئے، شامل ہے۔

یہ جدید اور اختراعی نقشہ یونیورسٹی آف یارک کے شعبہ انگلش اور اس سے متعلق لٹریچر کی ریسرچر ڈاکٹر لورا بلوم وال نے ڈیولپ کیا ہے۔ انکی اس کاوش میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ برطانیہ میں جس مقام پر پہلا بم گرایا گیا تھا وہ اسکاٹ لینڈ میں واقع فرتھ آف فورتھ کا علاقہ تھا۔

اس منفرد تحقیقی پروجیکٹ میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح جنگیں میدان جنگ تک محدود نہیں رہتی ہیں۔ لگ بھگ تیس ہزار ٹن بم برطانیہ میں دوران جنگ گرائی گئے، ان شدید جرمن حملوں کا نشانہ برطانوی صنعتیں اور عوام کا مورال تھا، ان حملوں میں چالیس ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے۔

تازہ ترین