• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرٹ پر آئے تو فضل الرحمان کے لوگوں کو بھی قرضہ دے دیں گے، عمران خان

میرٹ پر آئے تو فضل الرحمان کے لوگوں کو بھی قرضہ دے دیں گے، عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرٹ پر آئے تو فضل الرحمان کے لوگوں کو بھی قرضہ دے دیں گے۔

کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میرٹ سسٹم پر عمل پیرا اقوام ہی ترقی کی منزلیں طے کرتی ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں نہ میرٹ تھا، نہ ہم کرپشن کو روک سکے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 10 ہزار روپے سے 50 لاکھ تک قرض مل سکے گا، نوجوانوں کو کاروبار، اعلیٰ تعلیم، ہنر کے مواقع دیے جائیں گے جبکہ نوجوان گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ’کامیاب جوان پروگرام پر عثمان ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، اس پروگرام کی سب سے اہم چیز میرٹ ہے، پروگرام کا پہلا فیز شروع کیا جارہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ملک ٹھیک ہوگا تو میرٹ اوپر آئے گا اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا، تبدیلی ایک سوئچ آن کرنے سے نہیں آتی، پہلے ذہنوں میں تبدیلی آتی ہے پھر زمین پر تبدیلی آتی ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت سو ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اس پروگرام کیلئے 100 ارب مختص کیے ہیں، یہ قرضے نوجوانوں کیلئے ہیں، 25 ارب روپے صرف خواتین کیلئے ہوں گے، ایک لاکھ تک قرضہ بلاسود دیا جائے گا، یہ قرضے 45 کمزور اضلاع میں دیے جائیں گے، 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک قرضے میرٹ پر دیے جائیں گے، قرضہ میرٹ پر ملے گا کوئی سفارش نہیں چلے گی، ہم نے سب کو قرض دینا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مدینہ کی ریاست پہلے دن ہی نہیں بن گئی تھی، آہستہ آہستہ تبدیلی لے کر آرہے ہیں، مدینہ کے لوگوں نے اپنے کردار کو بدلا، پاکستانی قوم بہت جلد ایک عظیم قوم بنے گی، اس میں کوئی شک نہیں ہے‘۔

تازہ ترین