بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں کمشنر مکران ڈویژن طارق زہری شامل ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق کمشنر مکران طارق زہری گزشتہ روز کوئٹہ سے انتظامی میٹنگ کے بعد واپس تربت جا رہے تھے کہ بینچہ کے مقام پر تیل بردار وین کمشنر مکران کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
دونوں گاڑیوں کے ٹکراتے ہی آگ بھڑک اٹھی جس نے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ میں جھلس کر کمشنر مکران ڈویژن طارق زہری، اُن کا ڈرائیور اور گن مین جبکہ دوسری گاڑی میں موجود ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
جھلسنے کے باعث تمام لاشیں ناقابل شناخت تھیں، ڈپٹی کمشنر کے مطابق چاروں لاشوں کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئےکوئٹہ روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ لاشوں کی شناخت ہو سکے گی۔
ادھر کمشنر مکران ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ طارق زہری کی لاش کو ان کےاہل خانہ نے شناخت کر لیا جس کے بعد ان کی تدفین کر دی گئی۔
طارق زہری کوان کے آبائی علاقے قلات میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
مستونگ میں بس اور ٹرک میں تصادم، 20 زخمی
مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کوچ اور ٹرک میں ٹکر کے نتیجے 20 مسافر زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیئے: چترال، کوچ دریا میں گر گئی، 6 مسافر جاں بحق
ڈپٹی کمشنر مستونگ ممتاز کھیتران کا کہنا ہے کہ حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مستونگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔