محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم کی تبدیلی اور سردیوں کی آمد دسمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، جبکہ موسم پر گہری نظر رکھنے والے ماہرینِ موسمیات اس بار کراچی میں پچھلے سالوں کے مقابلے میں زیادہ اور جلد سردیوں کی پیشن گوئی کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق 20 اور 21 اکتوبر کے درمیان مشرقی بحیرۂ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے جو 23 اور 24 اکتوبر کو واضح ہوا کے کم دباؤ یا ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کا رخ بھارتی گجرات کی جانب ہوسکتا ہے لیکن کراچی میں اس کے باعث پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد کو چھو سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مشرقی علاقوں سے گرم ہوائیں چلنے کے باعث اکتوبر کے آخری دنوں میں موسم گرم ہو سکتا ہے، جبکہ سردیوں کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں سردی کی لہر کراچی کو متاثر کر سکتی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر موسم کے حوالے سے باخبر رکھنے والے ماہرین اس بار کراچی میں سردی جلدی آنے اور گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا یہ زیادہ دباؤ یعنی ’پریشر گریڈینٹ‘ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نومبر کے وسط تک موسم سرد ہوسکتا ہے تاہم اس بار سردی جلد اور گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے کے امکانات موجود ہیں۔