• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرائیونگ سیٹ پر مصباح، آسٹریلیا کے سفر میں سرفراز احمد کو نشست ملنا مشکل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی ہے۔ آسٹریلیاکے خلاف تین ٹی 20 انٹر نیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان پیر کی دوپہر لاہور میں کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فارمیٹ میں کپتانی سے محروم ہونے کے بعد سرفراز احمد کی ٹیم میں جگہ بننی بھی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ 2015 کے بعد پہلی بار مستقل بنیادوں پر سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ کریں گے سرفراز احمد کی غیر موجودگی میں محمد رضوان دونوں فارمیٹ میں وکٹ کیپر ہوں گے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 3نومبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تو شامل نہیں ہوں گے لیکن مکمل فٹنس کے ساتھ وہ21نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیےضرور ٹیم میں شامل ہوں گے۔وہاب ریاض، محمد عامر، عثمان شنواری، فہیم اشرف اور محمد عرفان میں سے فاسٹ بولرٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنائیں گے۔ امام الحق کی بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہو گی۔ وہ انجری کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف نہیں کھیل سکے تھے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ٹیسٹ میچوں کے لئے محمد موسیٰ، محمد حسنین اور نسیم شاہ جیسے نوجوان اسپیڈ اسٹارز کو موقع دیا جائے۔ سینئر کھلاڑی شعیب ملک اور محمد حفیظ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شمولیت مشکل دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے فیصل آباد میں سلیکٹرز کےساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے۔ جس کے بعد لاہور میں ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابراعظم کے ساتھ صلاح مشورہ مکمل کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کپ کی پرفارمنس کی وجہ سے احمد شہزاد اپنی جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں۔ افتخار احمد اور آصف علی کی ٹیم میں شامل ہونے امکان ہے۔ ٹیسٹ اسکواڈ کے لیئے فخر زمان کو اوپنر کی حیثیت سے زیر غور نہیں لایا جا رہا۔ عابد علی، شان مسعود اور امام الحق ٹیسٹ کے اوپنرز ہو سکتے ہیں۔ جبکہ فاسٹ بولروں میں محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، راحت علی، عمران خان نسیم شاہ ،حسنین اور محمد موسیٰ شامل ہوں گے۔ یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے ان کے ساتھ ظفر گوہر اور بلال آصف میں سے ایک جگہ بناسکے گا۔

تازہ ترین