• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کنٹرول لائن پر مودی کی غیراعلانیہ جنگ، بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ، جوان سمیت 11 شہید، 9 بھارتی فوجی مارے گئے

بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ، جوان سمیت 11 شہید

راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان،سیالکوٹ (جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)کنٹرول لائن پر مودی کی غیر اعلانیہ جنگ، بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ سے جوان سمیت 11 شہید ہوگئے، پاکستان نے موثر اور جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی مارے گئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے، پاک فوج نے 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ کردیے،بزدل بھارتی فوج نے لاشیں اٹھانے کیلئے سفید جھنڈے لہرا دیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ انہیں پہلے سوچنا چاہیے تھا، بھارتی میڈیا میں اخلاقی جرأت ہے تو پاک فوج کی جوابی کارروائی سے ہوا نقصان دکھائے اور پاکستانی میڈیا کی اخلاقی اقدار پر عمل کرکے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے۔

 میجر جنرل آصف غفور نے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانےکا بھارتی دعویٰ بھی جھوٹ قرار دیدیا۔

اُدھر وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو سلام پیش کیا ہے۔ 

دوسری جانب دفتر خارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر احتجاج ریکارڈ کروایاگیا۔

ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بالاکوٹ کی طرح آج بھی اگر بھارت دعویٰ کر رہا ہے تو عالمی میڈیا آکر حقیقت دیکھ لے۔

معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ موثر جوابی کارروائی سے بھارت کو اندازہ ہو گیا پاک فوج دفاع کرنا جانتی ہے۔

تفصیلات کےمطابق اتوار کو آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان لانس نائیک زاہد اور 10شہری شہید ہوگئے جب کہ دو سپاہیوں سمیت 5 شہری زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پاک فوج نے بھارتی اشتعا ل انگیزیوں کا موثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایل او سی پر معصوم شہریوں کا تحفظ کرتی رہے گی اور ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین، ملکی، غیر ملکی میڈیا کو آزاد جموں کشمیر میں آزادانہ رسائی ہے جب کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں یہ آزادی نہیں ہے، بھارتی فوج نے جورا، شاہ کوٹ اور نوسیری میں بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد اپنے ہلاک فوجیوں کی میتیں اور زخمیوں کو اٹھانے کے لئے سفید جھنڈے لہرا دیے، بھارتی فوج کو بلااشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے، بھارتی فوج کو عسکری آداب کا احترام کرتے ہوئے شہری آبادیوں کونشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا آزاد کشمیر میں مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانےکا جھوٹا دعویٰ کررہا ہے، بھارتی میڈیا میں اخلاقی جرات ہے تو پاک فوج کی جوابی کارروائی سے ہونے والا نقصان دکھائے، بھارتی میڈیا کے گزشتہ دعوؤں کی طرح یہ بھی جھوٹا ثابت ہوگا اور پاکستانی میڈیا کی اخلاقی اقدار پر عمل کرکے بھارتی میڈیا ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کے بلندی درجات کے لئے دعا کی، وزیراعظم نے پاک فوج کو بھارتی سیکورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے اور جرات و بہادری پر سلام بھی پیش کیا ہے۔

ادھر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلوالیا کو باور کرایا کہ بھارتی افواج نے جورا، شاہ کوٹ، نوسہری سیکٹرز پر 19 اور 20 اکتوبر کو بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیاں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور معصوم شہریوں پر گولہ باری کی جارہی ہے، ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین