• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مقابلے میں زخمی منشیات فروش اور 3 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس مقابلے کے بعد ایک منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں سے 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار ہوئے ہیں۔

منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار ہوا ہے جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق 4 پولیس اہلکار گشت پر تھے کہ انہوں نے 3 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جنہوں نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

جوابی فائرنگ سے منشیات فروش ہدایت اللّٰہ عرف بمباٹ زخمی ہو گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ ملا ہے، ملزم 2017ء میں بھی منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار ہو چکا ہے۔

ادھر شہر کے مختلف علاقوں سے اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں مطلوب 3 اسٹریٹ کرمنلز کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت خوش دل، افضل اور گل زمین کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں لوٹ مار کی واردات بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، فائرنگ سے خاتون جاں بحق، سب انسپکٹر زخمی

گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف شاہ لطیف، پیر آباد، قائد آباد، گلبرگ، شاہراہِ نورجہاں اور خواجہ اجمیر نگری میں بھی مقدمات درج ہیں، جن میں سے ملزم افضل کو عدالت سے 2 مرتبہ سزا ہو چکی ہے۔

شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ، ایک شخص زخمی

شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، جس کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے، زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کیماڑی کی دکانوں میں آگ لگ گئی

کیماڑی میں واقع اذان سینٹر کی دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ایک فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔

آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، کچھ دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

تازہ ترین