• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نواز شریف کی حالت تشویشناک، پلیٹ لٹس پھر کم، مریم کی ہنگامی ملاقات، حکومت کی کسی بھی ڈاکٹر یا اسپتال سے علاج کی پیشکش

لاہور / اسلام آباد (نمائندہ جنگ / جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت تشویشناک ہوگئی، انکے پلیٹ لٹس 29ہزار سے پھر 7 ہزار تک گر گئے، پلیٹ لٹس کے مزید پانچ یونٹ لگائے گئے ، ان سے اہلخانہ نے ملاقاتیں کیں تاہم عیادت کیلئے ہنگامی ملاقات کرنے والی مریم نوازکی اپنی طبیعت بھی ناساز ہوگئی اور انہیں والد کے برابر والے کمرے میں داخل کردیا گیا۔

لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی حالت تشویشناک ہوگئی


 پی کے ایل آئی لاہور میں آج نواز شریف کے پورے جسم کو اسکین ہوگا جبکہ کراچی سے بلائے گئے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ماہر ڈاکٹر طاہر شمسی نے نواز شریف کے ٹیسٹ کئے اور کہا کہ پلیٹ لٹس گرنے کی وجہ خلیے کی توڑ پھوڑ ہے جو داوؤں سے ٹھیک ہوجائے گی۔

ادھر حکومت نے نواز شریف کا علاج کسی بھی ڈاکٹر یا اسپتال سے کرانے کی پیشکش کردی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملک کے کسی بھی حصے سے ڈاکٹر لانے کیلئے اپنا طیارہ مختص کردیا ہے ، قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کو فون کرکے ہدایت دیں کہ نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف نے بیرون ملک علاج کا نہیں کہا، جانا چاہیں تو ہمیں اعتراض نہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیر اعظم نواز شریف کی حالت تشویشناک ہو گئی، انکے پلیٹ لٹس 29ہزار سے پھر 7 ہزار تک گر گئے۔ پلیٹ لٹس کے مزید پانچ یونٹ لگائے گئے۔

گزشتہ روز نواز شریف کی ہمشیرہ کوثر بی بی، شہباز شریف، والدہ بیگم شمیم اختر، جنید صفدر، لیگی رہنمائوں خواجہ آصف، احسن اقبال، ایازصادق، خرم دستگیر، برجیس طاہر و دیگر نے عیادت کی جبکہ سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور صابر شاہ کو ملنے سے روک دیا گیا۔

لندن سے دوسری بیٹی اسماء کو بھی بلا لیا گیا۔ میڈیکل بورڈ کی معاونت کیلئے کراچی سے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ماہر ڈاکٹر طاہر شمسی کو بلا یا گیا ہے۔

سروسز اسپتال میں زیر علاج نواز شریف کی طبیعت گزشتہ روز 4میگا یونٹ لگنے کے بعد سنبھلی تھی اور پلیٹ لیٹس 29 ہزار ہوگئے تھے مگر بدھ کو دوبارہ خون کے نمونے لئے گئے تو پلیٹ لٹس ایک بارپھر 7ہزار تک کم ہو چکے تھے۔

تازہ ترین