• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی رہائی کیخلاف جے آئی یوتھ کا احتجاج

لاہور (سٹاف رپورٹر) سانحہ ساہیوال کے ملزموں کو شک کا فائدہ دے کر بری کرنے کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ اس واقعہ میں ملوث افراد کا شک کی بنیاد پر رہا کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون رائج ہے۔ رواں برس کے آغاز میں پاکستان کے شہر ساہیوال میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں چار افراد مارے گئے تھے ان میں لاہور کے رہائشی محمد خلیل ان کی اہلیہ اور جواں سالہ بچی بھی شامل تھے جبکہ سانحہ ساہیوال کے حوالے سے جاری کردہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق بچوں کو گاڑی سے اتار کر دوبارہ فائر کئے گئے۔ ایس اس پی سی ٹی ڈی نے واقعے کے بعد حالات پر اثرانداز ہونے اور شواہد کے اکٹھا کرنے پر تاخیری حربے استعمال کئے ماورائے عدالت قتل عام پر اہلکاروں کو بچانے کیلئے جن اوچھے ہتھکنڈوں کو روایتی انداز میں استعمال کیا گیا ہے وہ قابل مذمت ہیں۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد صدر جے آئی یوتھ وسطی پنجاب شاہد نوید ملک محمد فاروق چوہان صہیب شریف و دیگر بھی موجود تھے۔ ذکراللہ مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ ساہیوال میں ملوث افراد کی رہائی بہت بڑا ظلم ہے عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ مہ داران کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔
تازہ ترین