• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللّٰہ گرفتار

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کو گرفتار کر لیا گیا، جمعیت علمائے اسلام ف نے بھی مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔

ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی ف اسلم غوری کے مطابق مفتی کفایت اللّٰہ کو گزشتہ رات اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ادھر ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری کی سختی سے تردید کرتی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا نہ انہیں گرفتار کیا۔

جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللّٰہ گرفتار


پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کو مانسہرہ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتار کر کے ہری پور جیل منتقل کر دیا ہے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کا آزادی مارچ آج کراچی ٹول پلازہ سے شروع ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان اس حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ سے معاہدہ بھی طے پایا ہے۔

معاہدے پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور جے یو آئی ف کے جنرل سیکریٹری مفتی محمد عبداللّٰہ کے دستخط ہیں، 7 نکاتی معاہدے کے مطابق آزادی مارچ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن اتوار بازار میٹرو ڈپو پر منعقد ہوگا۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ حکومت ریلی کے شرکاء کے راستے سمیت کھانے پینے کی ترسیل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی، آزادی مارچ کے شرکاء شہریوں کے بنیادی حقوق سلب نہیں کریں گے، جبکہ اندرونی سیکیورٹی جلسہ منتظمین کی ذمے داری ہو گی۔

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا ہے کہ ہم ریڈ زون میں داخل نہیں ہوں گے، آزادی مارچ روڈ پر ہوگا، طویل نہیں ہوگا، وزیر اعظم استعفیٰ دیں اور دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ پُرامن ہو گا، تمام راستے کھولے جائیں، ہم اب بھی وزیرِ اعظم کے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: نادرا نے حافظ حمد اللّٰہ کو غیر ملکی قرار دے دیا

حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جے یو آئی اسلام آباد کے ایچ نائن سیکٹر میں اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی، راستےکھلے ہوں گے، کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اکرم درانی نے ریڈ زون میں نہ آنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اگر احتجاج پرامن رہا تو حکومت کوئی رکاوٹ پید ا نہیں کرے گی، رہبر کمیٹی نے وزیرِ اعظم عمران خان کے استعفے یا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ نہیں کیا۔

دوسری جانب جے یو آئی ف نے آزادی مارچ کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں، آزادی مارچ آج ٹول پلازہ کراچی سے شروع ہوگا، جس کے آغاز سے قبل جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے، یہ مارچ حیدر آباد، سکھر، گھوٹکی سے ہوتا ہوا پنجاب میں داخل ہوگا۔

ادھر کوئٹہ سے جمعیت علمائے اسلام ف کا آزادی مارچ سہ پہر 3 بجے مولانا عبدالواسع کی قیادت میں روانہ ہوگا۔

یہ قافلہ فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں سے گزرتا ہوا ڈیرہ غازی خان، ملتان، لاہور سے اسلام آباد پہنچے گا۔

تازہ ترین