آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار17؍ ربیع الثانی 1441ھ 15؍ دسمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

’ہر کمرے کی سجاوٹ‘ آپ کی سلیقہ مندی کا منہ بولتا ثبوت

کسی بھی فرد کے لیے اُس کا گھر محفوظ پناہ گاہ ہوتا ہے۔گھر چھوٹا ہو یا بڑاجنت کی مانند ہوتا ہے ۔ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر پر سکون اور خوبصورت ہو چنانچہ وہ اس کو سجانے سنوارنے میں بھر پور دلچسپی لیتی ہے ۔گھروں کو نت نئے طریقوں سے سجانے سے نہ صرف خواتین ذہنی تسکین اور خوشی محسوس کرتی ہیں بلکہ اس طرح اُن کی شخصیت کی عکاسی بھی ہوتی ہے ۔

سب سے پہلے اپنے گھر کے بجٹ کو تشکیل دیں ،جس کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ با آسانی اپنے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے خریداری کر سکیں ۔بجٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ضروری اشیاء کی لسٹ بنائیں جیسا کہ پردے،لائٹنگ ،صوفے ،کرسیاں اور میز وغیرہ۔گھر کی سجاوٹ میں سب سے پہلے رنگوں کا خیال رکھیں۔

ایسے رنگوں کا انتخاب کر یں جو فیشن سے مطابقت بھی رکھتے ہوں اور گھر کی تمام ضروریات کی اشیاء کو کمروں کی جگہ کے حساب سے ترتیب دیں ۔چھوٹے کمروں میں سامان کم رکھیں۔بہر حال اپنی پسند اور ذاتی تجربات کی بنیاد پر بھی اشیاء کو ترتیب دیا جا سکتا ہے۔

ڈرائنگ روم

جگہ کاقدرتی فوکل پوائنٹ کا تعین کریں فوکل پوائنٹ آرکیٹکچرل ہو سکتا ہے ۔جیسے کہ آتش دان ،کھڑکیاں،ٹیلی ویژ ن اورٹیبل وغیرہ۔اپنے کمرے کی پیمائش (لمبائی چوڑائی)وغیرہ جانیے، تاکہ اُس کے حساب سے فرنیچر سیٹ کر سکیں۔کمرے کی سجاوٹ یوں کریں کہ راستہ بندنہ ہو۔ہمیشہ راستے کی کشیدگی کا خیال رکھیں دروازے کے قریب کر سیاں وغیرہ نہ رکھیں۔اس سے کمرہ چھوٹا اور تنگ محسوس ہوتا ہے۔

کمرے میں مختلف رنگوں کے امتزاج کے ساتھ فرنیچر وغیرہ کو سیٹ کریں، تاکہ کمرہ ہر مزاج کے شخص کو پسند آئے۔لیکن ہر کام اعتدال میں رہتے ہوئے کریں۔ کرسیوں کویوں ترتیب دیں کہ تین سے چارفٹ کا فرق ہو۔دیواروں پر آویزاں تصویریں،پینٹنگ اور دیگر دیوار کو سجانے والی چیزیں کمرے کی کشادگی کا احساس دلاتی ہیں۔

کمرے میں لگائے شیشے روشنی میں کمرے کو مزید کشاد ہ اور واضح کرتے ہیں۔ضروری نہیں دیواروں کے تمام حصوں پر کچھ نہ کچھ لازمی لگائیں بلکہ دیوار کے ایک حصے پر کچھ منفرد ڈیزائن بھی بنایا جا سکتاہے۔ایسا ٹیکچر دیں جو آپ کو پسند ہو جیسے کنکریٹ سے خوبصورتی سے سجایا جا سکتا ہے۔چھوٹی والی کنکریٹ سے بھی کمرے کو سجایا جا سکتا ہے ۔اس کے علاوہ قدرتی ماحول دینے کے لیےفلاورپوٹ وغیرہ کا بھی استعمال کیا جا سکتاہے۔

اگر آپ ڈرائنگ روم کو ٹی وی لاؤنج کے طور پر بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس ضمن میں فلیٹ ا سکرین ٹی وی کو ڈرائنگ روم کی دیوار کے سامنے لگائیں۔اس کے نیچے فرش پر چھوٹی سی میز رکھ کر اس پر چھوٹے ڈیکوریشن پیس بھی رکھے جاسکتے ہیں ۔

بیڈ روم

بیڈ روم گھر کا نہایت اہم حصہ ہوتا ہے اس لئے اس کا صاف ستھرا اور خوبصورت ہونا ضروری ہے۔اس کا رنگ مجموعی طور پر ایسا ہونا چاہئے کہ جس سے آپ دن بھر تازہ دم اور ہشاش بشاش رہیں لہٰذا پر سکون ماحول کے لیے ہلکے پھلکے رنگوں کا استعمال کریں۔نرم کپاس کے بستر اور ان پر ملائم تکیے پر سکون احساس دلاتے ہیں ۔رنگوں کے امتزاج کو کمرے کی باقی چیزوں کے ساتھ مد نظر رکھیں۔بیڈروم کی چھت کے لیےبہترین پیپریاآرائشی اینٹیں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

اس کی دیوار پر ہاتھ سی بنائی گئی خوبصورت اشیاء ، فیملی اور بچوں کی تصاویر بھی آویزاں کی جاسکتی ہیں۔بیڈروم میں آئینہ ایسی جگہ لگایا جائے جہاں سے نہ صرف اپنا عکس دیکھ سکیں بلکہ کمرے میں لگی ٹیوب لائٹ یا بلب کی روشنی کو آئینہ جذب کرکے پورے کمرے کو مزید روشن کرے۔کمرے میں لکڑی کے فرنیچر کو چمکانے کے لیے وارنش اور سرسوں کا تیل استعمال کریں۔

کچن

کچن کو دل کش اور خوب صورت بنانے کے لیے سفید اور برائون رنگ کاانتخاب کیا جاسکتا ہے ۔لیکن سفید یا اس سے ہلکے رنگ کا انتخاب ان جگہوں کے لیے مناسب نہیں جہاں پر سب کا بہت زیادہ آنا جانا ہو ،کیوں کہ ان کو ہر وقت صاف رکھنا تھوڑامشکل ہوتا ہے ۔اگر کچن کا کاؤنٹر چھوٹا ہے تو زیادہ تر عام استعمال ہونے والے اشیاء کو وال بکس سے سجاسکتی ہیں۔مناسب روشنی کا کچن میں بندوبست کریں۔

کچن میں تازگی اور خوبصورتی بڑھانے کے لیےکھڑکی کے پاس چھوٹے گلدان رکھیں۔اس کے ساتھ کچن میں لٹکتی ہوئی الکروم لائٹ کچن کو منفرد تاثر دے سکتی ہے۔سنک کے پاس اتنی جگہ رکھیں کہ دھونے کے بعد گیلے برتنوں کو وہاں رکھا جا سکے۔

واشنگ سوپ رگڑنے والا کپڑا اسفنج برش وغیرہ نیچے بنائے ہوئے باکس میں رکھیں اور پاس صاف تولیہ بھی رکھیں تاکہ برتنوں کو خشک کیا جاسکے۔کچن میں دھواں خارج کرنے کے لیےایگزاسٹ فین ضرور لگوائیں۔

کچن کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے کاؤنٹر کے پس منظر میں سفید اور کالی ٹائلوں سے زگ زیگ ڈیزائن بنایا جا سکتا ہے اور کچن کا فرش زیادہ گندانہ نظر آئے اس کے لیے گرے رنگ کا استعمال کریں۔ چند گہری درازیں بنوائیں یا پھر کوئی چھوٹا اسٹورروم تاکہ وہاں بڑےبرتن یا کم ضرورت کی چیزیں با آسانی رکھ سکیں۔

اس کے علاوہ کیبنٹ بنوالیں۔ان میں روز مرہ کے استعمال کی چیزیں رکھیں۔شفاف جار استعمال کریں جس میں نظر آسکے کہ اس میں کونسی چیز رکھی گئی ہے ۔کچن کی ایک دیوار پر خوب صورت سی پینٹنگ بھی لگا سکتی ہیں۔