• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی مارچ والے معاہدے کی پاسداری کریں، وزیرِ خارجہ

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ آزادی مارچ والے معاہدے کی پاسداری کریں، حکومت کا رویہ جمہوری ہے، اسے برقرار رکھیں گے۔

آزادی مارچ والے معاہدے کی پاسداری کریں، وزیرِ خارجہ


انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری خیر سگالی کا پیغام ہے، 9 نومبر کو وزیرِ اعظم عمران خان اس کا افتتاح کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے جے یو آئی ف سے معاہدے کی پاسداری کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے کے وقت کارکنوں کے گھروں پر سیڑھیاں لگا کر چھاپے پڑے، اس دھرنے میں ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا رویہ جمہوری ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے،امید ہے کہ جے یو آئی ف بھی اس ہی رواداری کا مظاہرہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا اس وقت مطمئن دکھائی دے رہا ہے، کرتار پور راہداری بہت واضح پیغام ہے،اس سے سکھ کمیونٹی خوش ہے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ کرتار پور راہداری سے یہ پیغام جاتا ہے کہ پاکستان میں مذہبی آزادی ہے، کرتار پور کے مقابلے میں مقبوضہ کشمیر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی پر پابندی ہے، وہاں بھارت کا اصلی چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا‘‘

انہوں نے کہا کہ میں اپنے کہے کا جواب دہ ہوں، اپوزیشن سے متعلق میرا رویہ کبھی تضحیک آمیز نہیں رہا۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ آئین میں حکومت بنانے کا طریقہ بھی موجود ہے اور گرانے کا بھی، پی ٹی آئی نے حکومت گرانے کے لیے تمام آئینی طریقے استعمال کیے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ہر سوال کا جواب دیں گے لیکن 5 سال بعد، ملک میں ہر سال انتخابات نہیں ہو سکتے، آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو کارکرگی کی وجہ سے سندھ میں شدید سیاسی خطرات ہیں۔

تازہ ترین