مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سانحہ تیز گام کے باعث اپوزیشن نے مشترکہ طور پر آزادی مارچ کا اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج سانحہ تیز گام کا بڑا حادثہ رونما ہوا ہے اور متاثرین سے اظہار یک جہتی کےلیے جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر کل جمعے کے بعد جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، قافلے آج اسلام آباد پہنچ کر قیام کریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے پارٹی صدرشہباز شریف کے ساتھ نون لیگ کی مرکزی قیادت، صوبائی صدور جلسے میں شریک ہوں گے۔
نون لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اپوزیشن کا آج ہونے والا جلسہ ملتوی ہوگیا ہے، تاہم آزادی مارچ آج جلسہ گاہ پہنچے گا اور جلسہ کل کریں گے۔
واضح رہے کہ دوسری جانب رہبر کمیٹی کے ارکان جلوسوں کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچ رہےہیں ۔