• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹھ سیزن تک اپنا اسیر بنانے والی ٹی وی سیریز ’’گیم آف تھرونز‘‘ آخر کار اپنے اختتام کو پہنچی۔ گزشتہ 8برس سے یہ فینٹسی ڈراما دنیا بھر کے ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ شاہی تخت کے لئے کی جانے والی لڑائی میں ڈائنریز کی موت نے سب کو دکھی کر دیا، جس کا عزم تھا کہ وہ سات سلطنتوں کی حکمران بنے گی۔ 10لاکھ سے زائد مداحوں نے درخواست دی تھی کہ ہیروئن کی موت ان کے لئے صدمہ ہے، اس لیے یہ سیزن دوبارہ بنایاجائے۔ 

اس سیریز میں فلمائے جانے والے قلعے اور محلات کی بات کی جائے تو وہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کوخیرہ کرتے رہے۔ گیم آف تھرونز کے زیادہ تر اندرونی مناظر شمالی آئرلینڈ کے بیل فاسٹ میں پینٹ ہال اسٹوڈیو میں فلمائے گئے۔ 

پہلا سیزن مالٹا سے شروع ہوا ،دوسرا اور تیسرا آئس لینڈ اورکروشیا کے سیاحتی دارالحکومت ڈبرؤنک، چوتھا آئس لینڈ، پانچواں قرطبہ (اسپین)، چھٹا کروشیا، ساتواں اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، اسپین جبکہ آٹھواں سیزن آئس لینڈ کے برفیلے خطے میںفلمایا گیا۔ گیم آف تھرونز میں دکھائی گئی چند دیدہ زیب عمارتوں کا ذکر کرتے ہیں۔

ہاؤس آف دی اَن ڈائنگ، کروشیا

منسیٹا ٹاور، ڈبرئونک کا سب سے بلند مقام ہے، جسے سیزن 2میں لافانی گھر (House of the Undying) کے طور پردکھایا گیا ہے۔ اس پرانے شہر کو کنگز لینڈ کی رہائش کے طور پر استعمال کیا گیا۔ گول طرز تعمیر کو بآسانی شناخت کیا جا سکتا ہے،جہاں شوٹنگ کے دوران ڈائنریز اور جورا بار بار بھٹکتے رہے۔ یاد رہے کہ ڈبرؤنک کے اسی پرانے شہر کو دیکھ کر برنارڈ شاہ نے کہا تھا، ’’زمین پر اگر جنت دیکھنا چاہتے ہیں تو ایڈیاٹرک سمندر کے کنارے واقع اس حسین جزیرہ نماشہر کی سیر کیجئے ‘‘۔ پرانے شہر کی قلعہ بند سرخ عمارات اور کتھئی رنگ مائل پتھر حقیقی معنوں میں قرون وسطیٰ کے شاہی دور کی یاد تازہ کرتے ہیں۔

ہائی گارڈن، اسپین

ہائی گارڈن کی سیزن سات میں مختصر شمولیت اس وقت ہوئی جب لینسٹرز ایبی ’’آف اسکرین ‘‘جنگ میں مصروف تھے۔ بلند ٹیلے پر واقع قرطبہ کے نزدیک ’’گول قلعہ‘‘ کے نام سے معروف یہ قلعہ مسلمان مورش بربروں نے 760ء میں بنایا۔ قرون وسطیٰ کے زمانے میں اس کی تزئین وآرائش کاکام جاری رہا۔ 

دریائے گوادل کئوِر(Guadalquivir)کے بائیں کنارے قرطبہ سے 15میل کی مسافت پر واقع یہ قلعہ 14ویں صدی میں پیڈ رول اوّل او ر ہنری IIآف کیسل کی شاہی رہائشگاہ رہا۔ ہائی گارڈن کی طرز پر ہمارے تاریخی ورثے میں ایسی کئی عمارات ہیں جنہیں گیم آف تھرونز کی طرز پر فلما کر پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔

ایت بین حدّو ، مراکش

ایت بین حدّو کو ’’گیم آف تھرونز‘‘ میں اہم لوکیشن کے طور پر استعمال کیا گیا۔ سیریز کے تیسرے سیزن میں ینکئی اور پنتوس تصوراتی شہروں کا مقام یہی رہا۔ ایملیا کلارک کی طرف سے کوئن ڈائنریز کے کردارمیں زیادہ تر مناظر کی شوٹنگ یہیں کی گئی ہے۔ قلعہ بند تاریخی شہر’ ایت بین حدّو‘ کو سیریز میں غلاموں کی تجارت والا شہر بتایا گیا ہے۔ 

مراکش کے ہوائی شہر ایسائوربا کی چٹانی دیوار کو استاپور کے تخیلاتی شہر کے طور پر فلمایا گیا ہے، جہاں سے سیزن 3 میں کوئن ڈائنریز کا ڈریگن اڑ کر چلاجاتا ہے۔

سینٹ لارنس قلعہ

مکمل طور پر پتھر کا بنا ہوا یہ قلعہ بند شہر یونیسکو کی طرف سے عالمی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ وینی ٹیئن حکمرانی کو برقرار رکھنے میں اس قلعے نے آہنی دیوار کا کام کیا، جسے صرف تین ماہ میں چونے کے پتھر سے تعمیر کیا گیا تھا۔ ڈبرؤنک سمر فیسٹیول کے موقع پر شیکسپیئر کے ڈراموں ’’ہیملٹ‘‘ اور’’ مڈسمر نائٹس ڈریم‘‘ کی لوکیشن بھی یہی قلعہ رہتا ہے۔ 

سینٹ لارنس قلعہ آج سیاحت کا مقبول ترین مقام بن گیا ہے ۔ اگر ہم رنی کوٹ اور قلعہ روہتاس کو تاریخی ڈرامے کا حصہ بنا کر پیش کریں تو عوام کو اپنی ثقافت و اقدار کا احساس ہو گا۔

تازہ ترین