وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کنٹینر پر موجود 5 خاندان اپنی اولاد تک حکمرانی پہنچانے کے لیے ریاستِ پاکستان پر حملہ آور ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے آزادی مارچ میں موجود جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر غور کیا جائے تو اس وقت کنٹینر پر وہ 5 خاندان ہیں جو ہمیشہ سے اس ملک پر حکمرانی کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مفتی محمود، اچکزئی، ولی خان ، بھٹو اور شریف خاندان اب حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانے کے لیے ریاستِ پاکستان پر حملہ آور ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’رپورٹ کارڈ‘ میں مولانا فضل الرحمٰن پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اقتدار سے محرومی کا بدلہ پاکستان کے عوام کو اذیت دے کر لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا شخص ملک کے مقبول وزیرِ اعظم سے استعفیٰ مانگ رہا ہے جو اپنے حلقے سے الیکشن ہار گیا، وزیرِ اعظم کا استعفیٰ دیوانے کی بڑھک تو ہوسکتی ہے لیکن اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت سے طے کرینگے، فضل الرحمٰن
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مولانا اسلام کے لبادے میں مذہبی کارڈ کھیلتے ہوئے اسلام آباد تک پہنچے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں آزادی مارچ کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ طے کیا، مولانا فضل الرحمٰن معاہدہ نہ ماننے کی بات کر کے اپنے وعدوں سے انحراف کر رہے ہیں۔