کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائد آباد میں دو ماہ قبل ہونے والی بچوں کی لڑائی کا بدلہ لینے کیلئے ملزم نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ مدینہ کالونی سیکٹر سی میں گھر کے باہر بیٹھے باپ بیٹے پر ملزم قاسم نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگیا، فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے ، فائرنگ کی اطلاع ملنے پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا جہاں دونوں نے دوران علاج دم توڑ دیا ، پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے باپ بیٹے کی شناخت 23 سالہ حارث ولد فاروق اور 50 سالہ فاروق کے نام سے ہوئی ، باپ بیٹے کا دو ماہ قبل گھر کے قریب بچوں کی لڑائی پر ملزم قاسم اور اسکے دیگر ساتھیوں سے جھگڑا ہوا تھا ، جس کا بدلہ لینے کیلئے قاسم نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس نے کارروائی کے بعد لاشیں ورثاءکے حوالے کرتے ہوئے ملزم قاسم کی تلاش شروع کردی ہے ۔