• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس وقت مولانا کا بیٹ پکڑ کر میدان میں آنا مناسب نہیں: فردوس عاشق

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اِس وقت مولانا کا بیٹ پکڑ کر میدان میں آنا، پچ اور حالات مناسب نہیں۔

اس وقت مولانا کا بیٹ پکڑ کر میدان میں آنا مناسب نہیں: فردوس عاشق


اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالتِ عالیہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی ابھی وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کرے گی۔

فردوس عاشق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی ہارڈ ہٹنگ جاری ہے، حکومت ہارڈ ہٹنگ سے جواب دینا نہیں چاہتی، مولانا صاحب چاہتے ہیں کہ ہر بال پر وہ چھکا لگائیں اور گیند اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مولانا کا بیٹ پکڑ کر میدان میں آنا، پچ اور حالات مناسب نہیں، امید ہے کہ مولانا صاحب ریٹائرڈ ہرٹ نہیں ہوں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہار جیت ہوتی رہتی ہے، مولانا ایسا عمل نہ کریں کہ سیاسی گراؤنڈ سے باہر ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ مولانا پی ٹی آئی کے ڈیڑھ کروڑ ووٹرز کو مشتعل نہیں کریں گے، نیشنل کاز کشمیر کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا ہے کہ ضلعی عدالتوں کی حالتِ زار اور مسائل وزیرِ اعظم کے نوٹس میں لے آئی ہوں، وہ قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کرتے رہے ہیں، ضلعی عدالتیں جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل ہوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم نے 23 سال سیاسی جدوجہد کی، عدالتی مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بنائی جا رہی ہے، جس میں وکلاء اور وزارتِ قانون کے نمائندے شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: فردوس کی معافی قبول، نیا نوٹس جاری

واضح رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ایک بار پھر توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں اور انہوں نے ایک بار پھر غیر مشروط معافی مانگ لی۔

عدالتِ عالیہ نے فردوس عاشق اعوان کی زبانی غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہں تفصیلی تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین