پنجاب کے شہر سرگودھا میں زمین کے تنازع پر سوتیلے بھائی سمیت خاندان کے 3 افراد کو قتل کرنے کے مقدمے میں ملوث مجرم کو ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مجرم کی رحم کی اپیل خا0ر ج کی تھی جب کہ سیشن جج نے مجرم کے بلیک وارنٹ جاری کیے تھے۔
جیل ذرائع کے مطابق 5 اپریل 2005ء کو تھانہ بھیرہ کی حدود میں مجرم امجد علی نے زمین کے تنازع پر اپنے سوتیلے بھائی اسلم اور خاندان کے دیگر 2 افراد رمضان اور کوثر بی بی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
تھانہ بھیرہ پولیس نے مجرم کے خلاف قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
5 جولائی 2005ء کو سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی خصوصی عدالت کے جج گل شاد حسن علوی نے مجرم کو پھانسی کی سزا دینے کا حکم دیا جب کہ اعلیٰ عدالتوں نے بھی اس کی پھانسی کی سزا برقرار رکھی۔
یہ بھی پڑھیئے: ہری پور جیل، بچی سے زیادتی و قتل کے مجرم کو پھانسی
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مجرم کی رحم کی اپیل بھی خارج کر دی جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا مشتاق احمد تارڑ نے 6 نومبر (آج) کے لیے مجرم کے بلیک وارنٹ جاری کیے تھے۔
گزشتہ شام مجرم کے اہلِ خانہ نے اس سے آخری ملاقات کی تھی، پھانسی کے وقت جیل کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔