• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا نے مارچ کے ذریعے بہت کچھ حاصل کر لیا: نور الحق قادری

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وفاقی وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کے ذریعے بہت کچھ حاصل کر لیا ہے۔

مولانا نے مارچ کے ذریعے بہت کچھ حاصل کر لیا: نور الحق قادری


’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ مولانا صاحب کی جماعت نے اپوزیشن میں ایک لیڈنگ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کے پر امن خاتمے پر تاثر بنے گا کہ مولانا لوگوں کو نکالنا اور واپس بھیجنا جانتے ہیں، حکومت مولانا فضل الرحمٰن سے مذاکرات پر پُراعتماد ہے۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی سے اچھے ماحول میں گفتگو ہو رہی ہے، رویے بہت مثبت ہیں، جس کے باعث ہم کہہ سکتے ہیں کہ اچھے نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: آزادی مارچ میں جے یو آئی کارکن کا انتقال

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے قومی سیاست میں بہت بڑا پاور شو کیا ہے، ان کے لہجے میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، مولانا کا رویہ کبھی گرم، کبھی سرد اور کبھی سخت رہتا ہے۔

وفاقی وزیرِ مذہبی امور نے یہ بھی کہا کہ مولانا کا سابقہ ریکارڈ ایک ذمے دار سیاستدان کا ہے، وہ آپشن ہمیشہ کھلے رکھتے ہیں، مولانا بہت ساری چیزوں پر مصالحت اور مفاہمت کی سیاست کرتے ہیں۔

تازہ ترین