• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولٹ شائر میں ٹرک میں چھپے ہوئے 15 تارکین وطن گرفتار

لندن (پی اے) ولٹ شائر میں پولیس نے گزشتہ روز ایک ٹرک میں چھپے ہوئے 15تارکین وطن کو امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے آئرلینڈ کے ایک 50 سالہ شخص پر غیر قانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونے کیلئے لوگوں کی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ ولٹ شائرپولیس نے بتایا ہے کہ بدھ کو رات ساڑھے 8 بجے ایک شخص کی اطلاع پر پولیس نے چیپن ہیم کے قریب کنگٹن لینگلے کراس روڈ بند کر دی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو 16سے30 سال عمر کے 15 افراد کو ٹرک کے پچھلے حصے سے برآمد کیا، ایمبولینس سروس کے عملے نے لوگوں کی ابتدائی طبی چیکنگ کی اور ایک کے سوا سب کو فٹ قرار دیا، جس پر انھیں حراست میں لے لیا گیا۔ ایک شخص کو احتیاطی طورپر گریٹ ویسٹرن ہسپتال لے جایا گیا لیکن بعد میں اسے ریلیز کر دیا گیا، جس کے بعد اسے بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ولٹ شائر پولیس نے بتایا کہ ابھی تک حراست میں لئے گئے افراد کی قومیت کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ سٹیو کاکس نے بتایا کہ ہم مزید تفتیش کیلئے معاون ایجنسیوں سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں اس بات سے پوری طرح آگاہ ہوں کہ ملک کے مختلف مقامات پر حالیہ المناک واقعات کی وجہ سے اس واقعے کے بارے میں بھی بہت زیادہ دلچسپی اور بڑے پیمانے تشویش پائی جاتی ہے۔ انھوں نے گزشتہ رات فوری کارروائی کرنے اور معاملہ کسی شخص کی ہلاکت کے بغیر ہی حل کرنے پر تمام ایمرجنسی سروسز کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر پولیس نے ایسیکس میں ٹرک میں ہلاک ہونے والے افراد کے حوالے سے مقدمے کیلئے 22 سالہ ایمن ہیریسن کو آئرلینڈ سے برطانیہ لانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ہیریسن کو گزشتہ جمعہ کو 39 افراد کے قتل کے الزام میں ڈبلن ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ریمانڈ پر پولیس کی کسٹڈی میں دے دیا گیا۔ تفتیش کاروں نے ایسکیس واقعے سے تعلق کے شبہے میں 40 سالہ رونن ہف اور اس کے 34سالہ بھائی کرسٹوفر کو بھی خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا ہے، یہ دونوں افراد پولیس کو قتل اور انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں مطلوب ہیں۔

تازہ ترین