برطانیہ سے آنے والے سکھ یاتریوں نے کرتارپور راہداری کے لیےحکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے : وزیرِ اعظم عمران خان کرتارپور پہنچ گئے
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانیہ سے آئے ہوئے سکھ یاتری کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں برطانوی سکھ نے باباگرونانک دیوجی کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور کی افتتاحی تقریب کے لیے حکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
برطانوی سکھ یاتری نے کہا کہ ’اسلام علیکم! ہم 150 سکھ یاتری برطانیہ کے مختلف شہروں سے پاکستان آئے ہیں اور میں اپنے والد کے ہمراہ پاکستان آتا رہتا ہوں، پاکستان ہمارا ملک ہے اِس لیے ہم اکثر آتے رہتے ہیں لیکن دیگر سکھ یاتری پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں کیونکہ آج کرتارپور راہداری کا افتتاح ہونے جا رہا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے : کرتارپور میں’ قائداعظم‘ کا قول آویزاں
اُنہوں نے کہا کہ ’ہم صبح 5 بجے سے لاہور سے سفر کے لیے چلے ہیں اور ہمارے دِلوں میں خوشی کی لہر دوڑ رہی ہے، ہم اپنے مسلمان پاکستان بہن بھائیوں کے ساتھ خوشیاں منائیں گے۔‘
اُنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ’ہم بچپن سے پاکستان آرہے ہیں ہم نے مشرف صاحب کو بھی دیکھا ہے، زرداری صاحب کو بھی دیکھا ہے اور عمران خان صاحب کو بھی دیکھا ہے، ہم نے سب سے پیار کیا ہے لیکن عمران خان کی تو بات ہی الگ ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’ہمارے دِلوں میں عمران خان کے لیے جو عزت اور محبت ہے وہ صرف ہمیں ہی معلوم ہے، اُنہوں نے پاکستانی اقلیتوں کے لیے بہت زیادہ کام کیا ہے تو میں اپنی، اپنے والد، اپنے اہلِ خانہ اور برطانیہ کی سکھ برادری کی جانب سے حکومت پاکستان، عمران خان صاحب اور باقی سب کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’میں اُمید کرتا ہوں کہ پیار اور محبت کا یہ سلسلہ جیسے چل رہا ہے ایسے ہی چلتا رہے گا، ہم امن کے ساتھ رہیں اور پاکستان کو اور زیادہ مضبوط کرتے رہیں۔‘