• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے محمد آصف دوسری مرتبہ اسنوکر کے عالمی چیمپئن بن گئے

پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔

ترکی کے شہر اناطولیہ میں ہونے والے عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5 کے مقابلے میں  8 فریم سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان کے محمد آصف دوسری مرتبہ اسنوکر کے عالمی چیمپئن بن گئے


سیمی فائنل میں پاکستان کے نمبر ایک محمد آصف نے تھائی لینڈ کے کرتسانوت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-7 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 

اس سے قبل انہوں نے کوارٹر فائنل میں بھی ایک تھائی کیوئسٹ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ 

پاکستان کے محمد آصف نے اپنے تمام گروپ میچز جیتے، جس کے بعد انہوں نے راؤنڈ آف 64 اور راؤنڈ آف 32 کے میچز میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے محمد آصف نے 2012 میں بھی عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے گیری ولسن کو 8 کے مقابلے میں 10 فریم سے شکست دی تھی۔

اس کے بعد 2014 میں ایک اور پاکستانی کیوئسٹ محمد سجاد نے بھارت میں ہونے والے عالمی مقابلے میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جس میں انہیں چین کے یان بنٹاؤ سے ایک فریم کے مارج سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، میچ کا اسکور 7-8 رہا تھا۔

یہ پاکستان کا مجموعی طور پر آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں تیسرا ٹائٹل ہے، پاکستان کو پہلا ٹائٹل کیوئسٹ محمد یوسف نے 1994 میں جتوایا تھا۔

تازہ ترین