• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماسٹر پلان کے تحت کوئٹہ میں نیا شہر آباد کیا جائے گا،بشریٰ رند

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و کیو ڈی اے کی چیئرپرسن بشریٰ رند نے کہا ہے کہ ماسٹر پلان کے تحت کوئٹہ میں نیا شہر آباد کیا جائے گا، شہرمیں ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام سمیت شہر میں بےگھر افراد کیلئے مختلف ہاوسنگ اسکیم و دیگر منصوبوں پر بھی کام کا جلد آغاز کردیا جائے گا ۔ ماضی میں کرپشن کرکے کیو ڈی اے کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا ادارہ بند ہونے کے قریب تھا تاہم چارج سنبھالنے کے بعد گزشتہ 8 ماہ کے دوران بہترحکمت عملی اپناکر ادارے کی کارکاردگی کو بہتر بنایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈائریکٹر جنرل کیوڈی اے صلاح الدین نورزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ اس موقع پربلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر، آغا عمر احمدزئی اور میراسماعیل لہڑی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ماسٹر پلان کا منصوبہ 1985 سے اب تک سردخانے کی نظر تھا ، موجودہ حکومت نے اس پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے، صوبے کے 30 شہروں کی خوبصورتی کیلئے ماسٹر پلان کے تحت منصوبے زیر غور ہیں ۔ کوئٹہ میں بلیلی ، تکتو ، ہزار گنجی اور مشرقی بائی پاس میں 20 ایکڑ پر مشتمل قبرستانوں کی چاردیواری کی تعمیر سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے ، زرغون ہاوسنگ اسکیم میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن سمیت مسجد کا افتتاح کردیا گیا ہے جبکہ 138 دکانوں کی نیلامی 30 گھروں کی تعمیر کام شروع ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہزارگنجی میں بین الاقوامی معیار کے کوئٹہ کراچی بس ٹرمینل کی تعمیر کا کام مکمل ہونے کے بعد تمام بس اڈے وہاں منتقل کردیئے جائیں گے، شہر اور گردونواح میں 173 اسکریپ گودام ،4سو ڈیری فارمز ہیں جن کا سروے مکمل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے انہیں شہر سے باہر منتقل کریں گے۔سریاب روڈ کو ماضی کی حکومتوں نے یکسر نظرانداز کیا تاہم موجودہ حکومت سریاب روڈ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ کوئٹہ کا دل ہے جسے گزشتہ 26 سال میں نظرانداز کیا گیا جس کی وجہ سے علاقہ پسماندگی کا شکارہے موجودہ حکومت سریاب پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوششوں سے سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان کی خالی اراضی پر 3 ارب روپے کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس کی منظوری دے دی گئی ہے ، سریاب روڈ پر میڈیکل کالج ، اسپتال اور پبلک پارک سمیت جامع مسجد کی تعمیر کیلئے فنڈز لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے بلوچستان ہاوسنگ ایکٹ 2019 منظور کرلیا ہے جبکہ اپنا گھر اسکیم کے تحت مختلف شہروں میں ملازمین و دیگر لوگوں کیلئے سستے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی جی کیو ڈی اے صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ 35 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہزار گنجی ٹرمینل منتقلی کیلئے بس مالکان کو بریفنگ دی اور 42 کوچز کمپنیوں کو لیٹر جاری کردیئے گئے ہیں۔ پچاس فیصد سے زائد مالکان نے ایڈوانس رقم بھی جمع کرادی ہے ، ڈیری فارمز ، ٹمبرڈپو اور اسکریپ گوداموں کی منتقلی سے متعلق عدالت میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔ منظوری کے بعد ضلعی انتظامیہ کے تعاون انہیں جلد شہر سے باہر منتقل کردیں گے ۔
تازہ ترین