• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: گڈاپ میں ٹڈی دل کا حملہ، فصلوں کو نقصان

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن کے دیہی علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں، جہاں ٹڈی دل نے ٹماٹر، گاجر، توری اور مٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں ٹڈی دل کے حملوں کی روک تھام کے لیے تاحال کوئی احتیاطی تدابیر نہیں کی جاسکیں، فصلیں خراب ہونے سے کاشت کاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گیا۔

مقامی کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ گڈاپ میں مختلف فصلوں بالخصوص مٹر، گاجر اور ٹماٹر کی فصلوں کو ٹڈی دلوں نے شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے تیار فصلیں خراب ہوگئی ہیں۔

کاشت کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اسپرے کرائے ورنہ ہماری فصلیں مکمل تباہ ہو جائیں گی، حکومتِ سندھ کی جانب سے تاحال ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹڈی دل کے حملے سے بچاؤ کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی بنیادوں پر اسپرے مہم شروع کر رکھی ہے۔

سول ایوی ایشن نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات ایئر پورٹ کے اطراف اور بورڈنگ برج اپرن ایریاز میں ہنگامی بنیادوں پر کیے۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹڈی حلال ہے یا حرام؟ نئی بحث چھڑ گئی

اس حوالے سے ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل جہازوں کے لیے بھی خطرہ ہیں، سی او او عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپرے رن وے اور کارگو ایریا سمیت تمام لاؤنجز میں کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل کی یلغار اور اس کی روک تھام کے لیے محکمۂ پلانٹ پروٹیکشن کی جانب سے طیاروں کی مدد لی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمۂ پلانٹ پروٹیکشن کی جانب سے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں فضائی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پلانٹ پروٹیکشن کی جانب سے ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے 2 طیارے سیسنا اور بیور کا استعمال کیا گیا۔

طیاروں کے ذریعے ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے فضا میں اسپرے کیا گیا، اس طیارے کو کیپٹن رشید نے آپریٹ کیا۔

تازہ ترین