لاہور میں تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ نہیں رک سکا، مغلپورہ میں قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
لاہور کے علاقے بیگم پورہ کا رہائشی 40 سالہ عامر علی موٹر سائیکل پر صدر بازار کی طرف جا رہا تھا کہ مغلپورہ پل پر پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر چھری بن کر پھر گئی۔
عامر علی کا گلا کٹ گیا اور ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی اس نے سڑک پر ہی دم توڑ دیا، اس طرح ایک اور بے گناہ شہری قاتل ڈور کا شکار بن گیا۔
لاہور میں اس سے قبل بھی ڈور پھرنے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پتنگ کی ڈور نے بچی کی جان لے لی، باپ شدید زخمی
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں جہاں بھی پتنگ بازی کا واقعہ ہوا وہاں متعلقہ پولیس افسران ذمہ دار ہوں گے۔