مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ نون لیگ کے قائد، سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف منگل کو بیرونِ ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔
سابق وزیرِ اعظم کی صحت کے حوالے سے ایک بیان میں ترجمان نون لیگ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس منگل کی صبح پہنچے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے میاں نواز شریف کا آج صبح پھر تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں سفر کے قابل بنانے کے لیے ڈاکٹرز نے آپس میں صلاح مشورہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم کو اسٹیرائڈ کی ہائی ڈوزز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ نواز شریف کو ہائی بلڈ شوگر، قلب اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی ادویات دی جا رہی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ڈاکٹرز ایسی محفوظ طبی حکمتِ عملی پر کاربند ہیں جس سے میاں محمد نواز شریف بحفاظت سفر کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیئے: نواز شریف کا علاج کیلئے جانا اچھی بات ہے، محمد حفیظ
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست پر دورانِ سماعت وفاقی حکومت کا موقف مسترد کردیا اور نواز شریف کو 4 ہفتوں کےلیے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی غیر مشروط اجازت دے دی۔
عدالت کے تجویز کردہ ڈرافٹ کے متن کے مطابق عدالت نے نئے بیان حلفی میں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دیا ہے۔