آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار30؍جمادی الاوّل 1441ھ 26؍جنوری 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

شیخ معظم الہی

کسی ملک میں بادشاہ حکومت کرتا تھا، ایک مرتبہ وہ اپنے ایک ملازم سردار سے ناراض ہوگیا اور اُسے دربار سے نکال دیا اور حکم دیا گیاکہ تم دن رات اپنے گھر میں پڑے رہو نہ کہیں باہر جاسکتے ہو اور نہ ہی کہیں کام کرسکتے ہو۔

وقت کاٹنا دوبھر ہوجاتا ہے چنانچہ اُسکے ساتھ بھی ایسی ہی ہوا۔ وہ سارا دن پڑا رہتا اور کوئی کام نہیں کرسکتا تھا۔ سردار بہت پریشان تھا کیونکہ اسکے بچوں کے پیٹ بھرنے کا سوال تھا۔جب وہ گھر سے باہر قدم نہیں نکالے گا تو بیوی بچوں کو کھلائے گا کہاں سے؟“ اتفاق سے کچھ دنوں کے بعد بادشاہ کے محل میں دعوت کا انتظام ہوا۔وزیر ، شہزادے امراء بلائے گئے۔

سردار کو ایک ترکیب سوجھی، اس کی آنکھیں چمک اٹھیں۔ اُس نے اپنی بیوی کو پڑوس سے ایک قیمتی لباس لانے کےلئے بھیجا۔ وہ پڑوس سے قیمتی جوڑا لے آئی۔ سردار نے وہ جلدی سےاسے زیب تن کیا اور گھر سے نکل پڑا اور شان سے چلتا ہوا شاہی دربار میں جا پہنچا۔

درباری سمجھے کہ کوئی معزز مہمان ہے، اُسے لے جا کر بڑے ادب سے دوسرے بڑے لوگوں کے ساتھ کرسی پر بیٹھا دیا۔ سردار گردن اکڑا کر کرسی پر بیٹھ گیا۔ دربار شروع ہوا ۔ جشن کی تمام رسمیں ادا کی گئیں اور اس کے بعد دسترخوان پر اعلیٰ قسم کے کھانے رکھے گئے۔

سردار نے بھی ہاتھ بڑھا کر خوب ڈٹ کر کھانا کھایا اور پھر نظر بچا کر بڑی چالاکی سے سونے کی ایک رکابی اپنے لباس میں چھپالی اور دربار ختم ہوتے ہی وہاں سے نو دو گیارہ ہوگیا اور گھر آکر بڑے مزے سے سارا واقعہ اپنی بیوی کو سنایا۔

اِسکے بعد اُس کی بیوی بازار جاتی اور سونے کی رکابی کا ایک ٹکڑا کاٹ کر فروخت کرکے کچھ رقم لے آتی۔ یوں سردار کی زندگی آرام سے گزرنے لگی اور پریشانی دور ہوگئی۔ ادھر دربار کے ملازموں نے دیکھا کے سونے کی ایک رکابی کم نکلی ہے تو بیچارے بہت گھبرائے اور اسے ڈھونڈنے کے لیے ادھر اُدھر دوڑنے لگے۔

بادشاہ نے ان کی حالت دیکھ کر کہا کہ تم سب کیوں پریشان ہو؟ مجھے معلوم ہے کہ سونے کی رکابی غائب ہوگئی اور اب وہ تمہیں نہیں ملے گی۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ وہ رکابی کس نے چرائی ہے۔کچھ عرصے کے بعد بادشاہ نے پھر دعوت اک انتظام کیا اور دربار مہمانوں سے بھرگیا۔

جشن کے اختتام پر مہمانوں کو کھانا دیا گیا۔ سردار اس موقع پر بھی موجود تھا۔ کھاناکھانے کے بعد ،پھر اُس نے نظر بچا کر بڑے اطمینان سے ایک سونے کی رکابی اپنے لباس میں چھپا لی۔ دربار ختم ہوا تو مہمان جانے لگے تو سردار بھی محل کے دروازے سے باہر نکلنے لگا کہ اچانک بادشاہ سامنے آگیا۔

بادشاہ کو دیکھ کر وہ بہت سٹ پٹایا اور گھبرا کر ادھر اُدھر دیکھنے لگا۔ بادشاہ نے ہاتھ بڑھا کر اُس کا ہاتھ پکڑ اور کہا کہ پچھلے سال کی رکابی ختم ہوگئی جو پھر ایک اور رکابی لے جانا چاہتے ہو؟یہ سنتے ہی سردار کے ہوش اُڑ گئے اور خوف کے مارے کانپنے لگا۔

آخر کار بادشاہ کے قدموں پر گر پڑا اور کہنے لگا؛”حضور کے حکم کی تعمیل میں مجھے میرے گھر میں بند کردیا گیا تھا۔ کئی مہینوں تک پریشان اور تنگدست رہا۔ آخر مجبور ہو کر یہ نازیبا حرکت کی۔ حضور مجھے معاف کردیں۔ بادشاہ کچھ دیر سوچتا رہا پھر کہنے لگا کہ اچھا ہم نے تمہیں معاف کیا اور تمہاری ملازمت بھی بحال کردی۔

غلطی ہماری ہی تھی کہ ہم نے حکم ہی ایسا دیا تھا کہ آدمی بھوک اور تنگدستی سے مجبور ہوکر چوری کرنے پر آمادہ ہوجاتا ہے، اگر ہم تمہیں گھر میں قید نہ کرواتے تو شاید تم ایسی حرکت کبھی نہ کرتے۔ جاؤ! اب ایسی حرکت نہ کرنا، چوری بہر حال بری حرکت ہے۔ بادشاہ اور سردار دونوں نے غلطی کی تھی۔ دونوں نے اپنی اپنی غلطی تسلیم کرلی ۔ کہتے ہیں کہ پھر سردار نے کبھی چوری نہ کی اور نہ بادشاہ نے کبھی کسی کو ایسی سزادی۔