آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ8؍ ربیع الثانی 1441ھ 6؍دسمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

نواز شریف جہاز دیکھ کر ٹھیک ہو گئے: عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف جہاز دیکھ کر ٹھیک ہو گئے، کیا لندن کی ہوا لگی تو ٹھیک ہو گئے؟ پہلی بار پتہ چلا کہ پلیٹ لیٹ بھی کوئی چیز ہے، جب میں نے نواز شریف کو جہاز پر چڑھتے دیکھا تو ڈاکٹر کی رپورٹ سامنے رکھ لی، جس میں لکھا تھا کہ اتنا برا حال ہے کہ مریض کبھی بھی مر سکتا ہے، میں نےکہا اللّٰہ تیری بڑی شان ہے۔

عمران خان نے میانوالی میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا




انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ نواز شریف کا علاج یہاں ہو ہی نہیں سکتا، رپورٹ میں 15 تو بیماریاں بتائی گئی تھیں، فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے کسی یہودی سازش کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان کرسی بچانے نہیں تبدیلی لانے آیا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے میانوالی میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھیں۔

میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ان سے ڈیل کرلوں یا چھوٹ دے دوں گا تو یہ ملک سے غداری ہو گی، یہ کیسز ہم نے نہیں بنائے، یہ ماضی کے کیسز ہیں، مشرف نے احتساب ختم کیا اور این آر او دے کر شریف خاندان کو باہر بھیج دیا، مافیا رہ گیا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے منڈیلا ہیں، حسن 8 ارب روپے کے گھر میں رہتے ہیں، یہ پیسہ کہاں سے آیا؟ اسحاق ڈار کے والد کی سائیکل کی دکان تھی وہ ارب پتی ہو چکے ہیں، 10 مہینے کے دوران عدالت میں جائیداد کی 60 دستاویزات پیش کیں، وہ جو بھی دستاویز رکھتے ہیں وہ جعلی نکلتی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کنٹینر پر بیروزگار سیاستداں موجود تھے، وہ لوگ اس خوف سے آئے تھے کہ ان کی سیاسی دکانیں بند ہونے جا رہی ہیں، کنٹینر پر چڑھے لوگوں کو معلوم تھا کہ انہیں کہیں نہ کہیں جا کر پھنس جانا ہے، کنٹینر پر موجود لوگ مک مکا کر کے ملک کو لوٹنے کا دور واپس لانا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ مدارس کے بچے ہماری ذمہ داری ہیں، ہم ان کی مدد کریں گے، نظامِ تعلیم بہتر بنائیں گے، وہ چاہتے ہیں کہ پھر سے لوٹ مار کا وقت آ جائے، ڈاکوؤں کا مقابلہ کر کے دکھاؤں گا، سب سے پہلے کمزور طبقے کو اوپر لانے کی کوشش کریں گے، سب سے زیادہ پیسے کمزور طبقے اور کمزور لوگوں پر خرچ کرنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کسی کو جانے کی اجازت وزیراعظم نے خوددی، چیف جسٹس

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے پر خوشی ہے، یہاں جو اسپتال بنانے ہیں، آج ان کی شروعات ہوئی ہے، نمل یونیورسٹی کو بڑھتے دیکھ جتنی خوشی ہوتی ہے اور کسی چیز سے نہیں ہوتی، یہ یونیورسٹی دن بہ دن بہتر ہوتی جا رہی ہے، دیگر یونیورسٹیوں سے آج نمل یونیورسٹی میں زیادہ پی ایچ ڈیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بھی یہاں بنائیں گے، یہ اسپتال بننےکے بعد یہاں سے لوگوں کو اسلام آباد اور لاہور نہیں جانا پڑے گا، میانوالی میرے ساتھ تب کھڑا ہوا جب پاکستان میں کسی نے مجھے ووٹ نہیں دیا تھا، میانوالی نے مجھے ووٹ دیا، آج عمران خان وزیرِ اعظم ہے کل نہیں ہوگا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نظام بدلنا ہے، ایسا نظام لانا ہے جو خود چلے اور عوام کی مدد کرے۔

عمران خان نے کہا کہ جو نظام اب ہم لا رہے ہیں وہ بلدیاتی ہے، بیرونی دنیا کی ترقی کی ایک بڑی وجہ زبردست بلدیاتی نظام ہے، جس کے بعد ہر صوبے میں ڈسٹرکٹ اور گاؤں کا پیسہ اسی صوبے، ڈسٹرکٹ اور گاؤں پر لگے گا، گاؤں کے لوگ فیصلہ کریں گے کہ اپنا پیسہ کہاں خرچ کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید