سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کا علاج کنگز کالج لندن کے ہیماٹولوجسٹ اور امراض قلب کے بہترین ڈاکٹرز کر رہے ہیں، مرض کی تشخیص کے لیے اسکین اور بائیوپسی کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ ابتدائی طور پر تھرومو بائسیپینیا کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف کے اسکین اور بائیوپسی کی جائے گی کیونکہ اس کی مدد سے ہی مرض کی تشخیص اور علاج میں معاونت ملے گی۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کا علاج کی غرض سے آج لندن میں چوتھا روز ہے۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن کے ایک نجی کلینک میں آج نواز شریف کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، جبکہ ان کا ’پی ای ٹی‘ اسکین آئندہ ہفتے ہوگا۔
شریف فیملی کا کہنا ہے کہ ’پی ای ٹی‘ اسکین سے ان کے مرض کی تشخیص میں مدد ملے گی، جبکہ ان کی گزشتہ روز گھر میں دو تھراپیز کی گئیں۔
فیملی ذرائع نے بتایا ہے کہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نواز شریف کی صحت کی بحالی کے لیے کوشاں ہے اور سابق وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ پر تمام بنیادی طبی سہولتیں دستیاب ہیں۔