پاک فوج کی میجر سمعیہ رحمان کو اقوام متحدہ کے ایس آر ایس جی سرٹیفکیٹ 2019 سے نواز دیا گیا۔
مونسکو کے نام سے جانی جانے والی کانگو میں موجود اقوام متحدہ کی افواج میں پاکستان کا بڑا حصہ ہے۔
مونسکو کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے سمعیہ رحمان کے سرٹیفیکٹ کے حوالے سے بتایا اور لکھا کہ سمعیہ پاک فوج کی پہلی خاتون افسر ہیں جنہیں اس بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
اے ایف سی میجر جنرل تھیری لائن نے ایس آر ایس جی (SRSG)کی جانب سے مشن لیول اسٹڈیز ، تجزیہ میں شاندار اور غیر معمولی کارکردگی پر میجر سمعیہ رحمان کو سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
میجر سمعیہ نےاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ (ایس آر ایس جی) کا سال 2019 کا سرٹیفکیٹ جیت کر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔
میجر سمعیہ اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں حصہ لینے والی پاکستانی خاتون افسر ہیں۔
پاکستان کی خواتین عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہی ہیں وہیں اقوام متحدہ میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرنے پر سمعیہ رحمان کی عالمی دنیا بھی معترف ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ سے بڑی تعداد میں فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں پاکستان کا نام سر فہرست ہے۔