• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں اسلاموفوبیا کی گنجائش نہیں، برٹش معاشرے میں مسلم کمیونٹی کو احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، کریسی اوسٹریسی

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)برطانیہ میں اسلامو فوبیا کی کوئی گنجائش نہیں ۔ برطانوی معاشرے میں مسلم کمیونٹی کو انتہائی عزت واحترام سے دیکھا جاتا ہے۔ وٹفور ٹائون میں ہزاروں مسلم رہائش پذیر ہیں جو برطانیہ کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لیبر پارٹی سے امیدوار برائے ممبر آف پارلیمنٹ کریسی اوسٹریسی نے وٹفور ڈ میں مقامی کمیونٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں باروکونسل کے چیئرمین ہیوک، کونسلر سردار آصف، سردار شفیق احمد چیئرمین کشمیر فورم وٹفورڈ، چوہدری شیراز احمد ، محمد سعید ودیگر شامل تھے۔ کمیونٹی رہنمائوں نے لیبر پارٹی کے امیدوارکریسی اوسٹریسی اورمسئلہ کشمیر پر لیبر پارٹی کی حمایت کی، رہنماؤںنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی کے زیرسایہ کرفیو ، کشمیری بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، مسئلہ کشمیر پر برطانیہ کی دوہرے معیار پر مبنی پالیسی ، مسئلہ کشمیر پر سہ فریقی مذاکرات کی تجویز، برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کے خلاف اسلامو فوبیا کا پروپیگنڈہ ، بھارت کی کنٹرول لائن پر نہتے کشمیریوں پر بلاجواز فائرنگ ، بھارت کا پاکستان کیساتھ مذاکرات سے انکار اور مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی قرادادوں کی مطابق حل اور برطانیہ کی ویزہ ایمی گریشن پالیسی اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل سے ان کوا ٓگاہ کیا۔ لیبر پارٹی کے امیدوار برائے ممبر آف پارلیمینٹ کریسی اوسٹریسی نے تمام معاملات کو بڑے تحمل سے سننے کے بعد کھلے دل سے کہا لیبر پارٹی مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھےگی۔ لیبر پارٹی بھارتی لابی کی بلیک میل سے بالاتر ہو کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل چاہتی ہے۔ کریسی اوسٹریسی نے کہا لیبر پارٹی اقتدار میں آکر مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوںنے کہا بھارت کشمیری عوام کی رائے کا احترام کرے۔ کشمیرمیں کرفیو ختم کرتے ہوئے انسانی حقوق بحال کرے۔ ریاست کے اندر تشدد اور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے۔ بھارت ہٹ دھرمی فوری ختم کرے اور مسئلہ کشمیر کے بارے پائیدار حل کے لئے پاکستان اور بھارت فوری مذاکرات شروع کریں۔ بھارت کنٹرول لائن پر شہری آبادیوں پر بلاجواز فائرنگ کا سلسلہ فوری بند کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری لیڈر شپ یاسین ملک ، علی گیلانی، عمر فاروق اور دوسرے اسیران کشمیر کو فوری رہا کرے۔ امیدوار ممبر آف پارلیمینٹ کریسی اوسٹریسی نے کہا اگر لیبر پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو لیبر پارٹی برطانیہ کی ایمی گریشن پالیسی، ویزہ پالیسی پر غورکرے گی۔ ٹوری پارٹی نے جو زبان مسلم کمیونٹی کے ساتھ اختیار کی وہ انتہائی غلط ہے۔ انہوں نے لندن میں برج پر واقعہ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی بلکہ کمیونٹی رہنمائوں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اس طرح کے واقعات سے مسلم کمیونٹی کا امیج خراب ہوتا ہے۔اسلام غیرمسلموں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ برطانیہ میں اسلامو فوبیا کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ 
تازہ ترین