اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لے لی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ آشیانہ کیس کی ساری کہانی میں شہباز شریف کا رول اچھے بچے کا ہے۔سپریم کورٹ میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پرسماعت ہوئی۔نیب کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے بولی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنائی، جس نے بتایا بولی کے عملے میں بعض بے قاعدگیاں ہوئیں، کم ترین بولی دینے والے کا ٹھیکہ کامران کیانی کے کہنے پر منسوخ کیا گیا، کیونکہ کامران کیانی نے فواد حسن فواد کو رشوت دی۔ نعیم بخاری نے بتایا کہ 5؍کروڑ سے زائد رقم فواد حسن فواد کے بھائی اور انکی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں گئی، شہباز شریف نے انکوائری کیلئے اینٹی کرپشن کو کیس بھجوایا، لیکن اس کا مقصد کم ترین بولی دینے والے کوہراساں کرنا تھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آشیانہ کیس کی ساری کہانی میں شہباز شریف کا رول اچھے بچے کا ہے، شہباز شریف نے پہلے انکوائری کرائی پھر معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجا، ابھی تک لگ رہاہے فود حسن فواد کا کردار برے بچے کا ہے۔