• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر صوبے کی ثقافت پاکستان کی ثقافت ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (ذیشان صدیقی/اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف ثقافتوں کا ملک ہے اور ہر صوبے کی ثقافت پاکستان کی ثقافت ہے، ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے12ویں عالمی اردو کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا کے24ممالک سے دو سو سے زائد مندوبین شریک تھے۔ اجلاس میں مختلف سیاسی، سماجی، ادبی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی کانفرنس سے سیاستداں، ادیبوں اور دانشوروں سے سیکھیں کہ ملک کو ترقی کی ضرورت ہے وہ اتفاق اور تدبر سے ہی حاصل ہو سکتی ہے۔ اس شہر سے جو لوگ منتخب ہوتے رہے ہیں وہ بھی اس شہر کے مسائل حل نہیں کرا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل نے مختلف ادب اور زبانوں کے ادیبوں کو یہاں جمع کر کے ایک اچھا اقدام کیا ہے۔ سندھ کے لوگ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں آج کی کانفرنس سے بھی یہی پیغام دیا گیا ہے ۔ اردو کے ساتھ پاکستان کی مختلف زبانیں پورے ملک کی ثقافت ہیں۔ وزیر ثقافت سندھ سردار علی شاہ نے کہا کہ ہم نے دانشور سے پڑھنا لکھنا سیکھا۔ آج کی کانفرنس کلچرل ہارمونی قائم کرنے کی طرف قدم ہے جس قدر لکھنے والے آج کانفرنس میں شریک ہیں ان سب کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ بھرپور جذبات اور جذبے کے ساتھ پوری دنیا سے اردو کے ادیب اور شعراء یہاں آتے ہیں۔ یہ کانفرنس ایسی چمکتی دمکتی کہکشاں ہے جہاں ادب کے ستارے چمکتے ہیں،اس مرتبہ اس میں ملک کی دوسری زبانوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے اور یہ اردو کانفرنس قومی ثقافتی کانفرنس میں تبدیل ہو گئی ہے۔ قبل ازیں شمیم حنفی، حارث خلیق نے کلیدی خطاب کیا، پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ایوب شیخ نے انجام دی۔
تازہ ترین