• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹیزن شپ ترمیمی بل کی منظوری بھارتی آئین پر حملہ ہے، راہول

بھارتی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے تارکین وطن کی شہریت سے متعلق بھارت کے متنازع بل کی منظوری کو بھارتی آئین پر حملہ قرار دے دیا ہے۔

کانگریس رہنما راہول گاندھی نے تارکین وطن کی شہریت سے متعلق بھارت کے متنازع بل کی منظوری پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظور کردہ متنازع بل بھارتی آئین پر حملہ ہے۔

راہول گاندھی کا سٹیزن شپ ترمیمی بل پر کہنا ہے کہ اس بل کی حمایت کرنے والا ہر شخص بھارتی قوم کی بنیادوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے بھارتی پارلیمنٹ کے شعلہ بیان مقرر اسد الدین اویسی نے بھی سٹیزن شپ ترمیمی بل کی مذمت کرتے ہوئے گزشتہ روز مسودے کی کاپیاں پارلیمنٹ میں پھاڑ ڈالیں تھی۔

کانگریسی رہنما اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور نے بھی لوک سبھا میں متنازع بل کی مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سٹیزن شپ ترمیمی بل کی منظوری محمد علی جناح کی گاندھی کے مقابلے میں فتح ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی حکومت کے پیش کردہ بل کا مقصد سٹیزن شپ بل 1955ء میں تبدیلی کرنا ہے، جس کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے ان غیرقانونی، غیرمسلم شہریوں کو بھارتی شہریت دینا ہے جو 31دسمبر 2014ء  یا اس سے قبل بھارت آگئے تھے۔

تازہ ترین