سال کے اختتام پر گوگل کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی چیزوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔
اس فہرست کو مختلف کیٹیگریز یعنی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلم، اداکار، ایتھلیٹ، شخصیت چیز اور خبر کے علاوہ دیگر کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2019 میں دنیا بھر کے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والوں نے انتہائی غیر معروف سرچز کیں۔
گزشتہ روز گوگل کی جانب سے پاکستان کی ویب سرچز کی فہرست جاری کی تھی جس میں تین کیٹیگریز کو شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان میں نیمل خاور سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت، ایونجرز اینڈ گیم سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلم اور پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ متعلقہ کیٹیگریز میں سرِ فہرست رہے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل پر سب سے زیادہ سرچ ہونے والی شخصیات
عالمی ویب سرچ کی فہرست کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلم
اوینجرز اینڈ گیم کو پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا وہیں اسے عالمی سطح پر بھی سب سے زیادہ سرچ کیا جاتا رہا۔
اس کیٹیگری میں دوسرے نمبر پر فلم ’جوکر‘ اور تیسرے نمبر پر ’کیپٹن مارول‘ رہی۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا اداکار
سال 2019 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے اداکار کا اعزاز امریکی اداکار و گلوکار جوسی سمولیٹ کو حاصل ہوا۔
دوسرے نمبر پر اداکار کیون ہارٹ اور تیسرے نمبر پر جیکوئن فیونکس رہے۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا ایتھلیٹ
امریکی فٹ بالر اینتونیو براؤن رواں سال سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹ رہے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر برازلین فٹ بالر نیمار جبکہ تیسرے نمبر پر امریکا سے تعلق رکھنے والے بیس بال کھلاڑی برائس ہارپر رہے۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت
دنیا بھر میں سال 2019 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والی شخصیت امریکی فٹ بالر اینتونیو براؤن رہے۔ سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ایتھلیٹ کی فہرست میں بھی ان کا نام سر فہرست ہے۔
سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت میں دوسرے نمبر پر برازیلین فٹ بالر نیمار اور تیسرے نمبر پر امریکی انٹرنیٹ اسٹار جیمز چارلس جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی چیز
حیرت انگیز طور پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا بھارت اور جنوبی افریقہ کا میچ ہے جو عالمی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران کھیلا گیا تھا۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر امریکی اداکار کیمرون بوئسے اپنے رومانس کی وجہ سے سب سے زیادہ سرچ کیے گئے، تیسرے نمبر پر برازیل میں ہونے والی امریکی فٹ بال چیمپیئن شپ ’کوپا امریکا‘ رہی۔
عالمی سطح سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی خبر
دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی خبر برازیل میں ہونے والی امریکی فٹ بال چیمپیئن شپ ’کوپا امریکا‘ رہی۔
دوسرے نمبر پر سرچ کی جانے والی خبر فرانس کے تاریخی چرچ میں لگنے والی آگ اور تیسرے نمبر پر کرکٹ ورلڈکپ کی خبر رہی۔