وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ منتخب حکومت کو گرانے کے لیے غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی زبان استعمال ہو رہی ہے۔
راولپنڈی ریلوےاسٹیشن پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ نیب کی ریکوری آ رہی ہے، نیب سے اچھی خبریں آئیں گی، پیسہ بھی واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت ہوئی اچھی بات ہے، بلاول بھٹو زرداری 18 سال کے تھے جب وہ 5 کمپنیوں کے ڈائریکٹر تھے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ مشاورت سے الیکشن کمشنر لے آئیں، کشمیر کے علاوہ پورے بھارت میں مسلمانوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور وکلاء کے جھگڑے کے بعد صف ماتم بچھی ہوئی ہے، اسلام آباد میں طلباء تصادم کا واقعہ بھی افسوس ناک ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: شیخ رشید اپنے مستقبل کی فکر کریں، نفیسہ شاہ
شیخ رشید نے مزید کہا کہ 3 ماہ میں مہنگائی میں کمی آئے گی، حکومت نے معیشت کو مستحکم کر دیا ہے، اب ملک بہتری کی طرف جائے گا، فری ٹریڈ پالیسی لا رہے ہیں۔
وزیرِ ریلوے نے یہ بھی کہا کہ رائے ونڈ ٹرین چلانے جا رہے ہیں، ایک سے 16 گریڈ کے ملازمین کی مراعات کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان سے بات کروں گا، 12 سے 15 فریٹ ٹرینیں چلا رہے ہیں۔