• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جادوگر نے اڑنے کے راز سے پردہ اٹھادیا


امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک نامور جادوگر نے اپنی اڑنے والی ایک ٹرک (جادو کرنے کی مہارت) سے پردہ اٹھادیا۔

زیک کنگ کے نام سے مشہور اس جادوگر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرکے اس راز کے بارے میں بتایا۔

آپ نے ہیری پوٹر سیریز کی فلموں میں اکثر جادوئی جھاڑو کی مدد سے کرداروں کو ہوا میں اڑتا ہوا دیکھا ہی ہے، لیکن اس زیک کنگ نامی جادوگر نے اس کرتب کو حقیقی دنیا میں کرکے دکھایا اور اس کی ویڈیوز بھی بنائیں۔

29 سالہ زیک کنگ کے ٹک ٹاک پر 2 کروڑ 82 لاکھ فالوور موجود ہیں جبکہ یو ٹیوب پر اس کے 51 لاکھ 40 ہزار سبسکرائبر موجود ہیں۔

زیک اپنی جادوئی ٹرکس کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں جو عوام کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں اور پھر ان ہی جادوئی فنون کی بنائی گئی ویڈیوز کو شیئر کرتے ہیں۔

اس مرتبہ انہوں نے جھاڑو کے ذریعے طلسماتی کرداروں کی طرح اڑنے کا مظاہرہ کیا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ جادو گر دور سے گزر رہا ہے لیکن پاؤں زمین پر رہنے کے بجائے ہوا میں ہیں۔

اپنی اس مخصوص ویڈیو کے لیے اس نے ہیری پوٹر کے جیسا لباس پہنا ہوا ہے، اور اس ویڈیو کے بارے میں زیک کا کہنا ہے کہ اسے اب تک 2 ارب 10 کروڑ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جبکہ ٹک ٹاک پر اسے 77 لاکھ لوگوں نے پسند بھی کیا۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس نے لکھا کہ ’انہوں نے ہوگ وارٹس میں میری درخواست کو مسترد کردیا تھا لیکن میں نے جادوگر بننے کا راستہ ڈھونڈ لیا ہے۔

ہوگ وارٹس کا پورا نام ہوگ وارٹس اسکول آف وچ کرافٹس اینڈ وزارڈری ہے، ان الفاظ کا استعمال جادو سکھانے کے لیے بچوں کے ایک خیالی اسکول کےلیے کیا جاتا ہے۔

زیک کنگ جھاڑو کے ڈنڈے پر سوار ہوتے ہوئے جب کیمرے کے نزدیک آئے تو فوراً ہی انہوں نے اس ٹرک کو سب کو بتادیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زیک ایک جھاڑو پر سوار ہیں اور ان کی دونوں ٹانگیں ہوا میں معلق ہیں، اور ٹانگوں کے درمیان پیچھے کے مناظر بھی عین اسی طرح دکھائی دے رہے ہیں۔

بظاہر تو یہ حقیقت محسوس ہورہی ہے لیکن یہ حقیقت نہیں ہے، انہوں نے اپنے آگے ایک آئینہ لگایا ہوا ہے اور خود ہوور بورڈ پر سوار ہیں۔

آئینے کے آگے انہوں نے ایک نقلی ٹانگ لگائی ہوئے ہے اور آئینے کے عکس کی وجہ سے دو ٹانگیں دکھائی دے رہی ہیں۔

زیک نے بڑی ہی مہارت کے ساتھ اس ٹرک کا مظاہرہ کیا ہے اور ویڈیو شائع کرنے سے قبل اس میں پوسٹ پروڈکشن ایڈیٹنگ کے ساتھ ساتھ مزید آئینوں کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شائقین نے ان کی اس ٹرک کو بڑا پسند کیا اور انہیں ایک چالاک جادوگر بھی قرار دیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین