• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قندھار سے بھارت جانیوالے پیاز کے ٹرک سے غیرملکی سگریٹ برآمد

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) کسٹم عملے نے یارو چیک پوسٹ پردروان چیکنگ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے لاکھوں روپے کا غیر ملکی سگریٹ قبضے میں لے لیا، ایرانی پیٹرول و ڈیزل سمیت دیگر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں گزشتہ3 ماہ کے دوران ایک ارب روپے مالیت سے زائد کا سمگلنگ کا سامان ،درجنوں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اورلاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل قبضے میں لیا گیا ۔یہ بات ماڈل کلکٹر یٹ کسٹم کوئٹہ کے ایڈیشنل کلکٹر یاسر کلواڑ اور ڈپٹی کلکٹر چوہدری عمران افضل لیلا نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی ،اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سلیم آغا پبلک ریلیشنز افسر ڈاکٹر عطاءمحمد بڑیچ، انسپکٹر عیسیٰ خان ، اسلم کشمیری، چوہدری عنصر گجر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل کلکٹر نے کہا کہ یارو چیک پوسٹ پر تعینات کسٹم عملے نے دوران چیکنگ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے قندھار سے بھارت جانے والےپیاز سے لوڈ ٹرک کے نیچے رکھے چھ سو کاٹن غیر ملکی سگریٹ برآمد کرلئے جس کی مالیت 40لاکھ سے زائد ہے ٹرک کو سامان سمیت قبضے میں لے لیا گیا،انہوں نے کہا کہ کسٹم عملہ ایف سی، پولیس اور مقامی انتظامیہ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر ایرانی پیٹرول ، ڈیزل سمیت دیگر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئےموثر کارروائیاں کررہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسٹم کے عملے نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا غیر ملکی سمگل شدہ سامان قبضے میں لیا، کم وسائل اور افرادی قوت کے باوجود کسٹم اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھارہا ہے گزشتہ دنوں بھی ڈیڑھ سو ٹن چھالیہ اور دیگر سامان قبضے میں لیا گیااس کے علاوہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور درجنوں لگژری نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی قبضے میں لی گئی ،کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
تازہ ترین