او آئی سی او اس کے تحت دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے لیےپاکستان کے نومنتخب مستقل سفیر رضوان سعید شیخ نے جدہ میں تنظیم کے صدر دفتر میں ادارے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین کو اپنی اسناد تقرری پیش کیں۔رضوان شیخ کےاسناد پیش کرنے کے بعد او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے لیےپاکستان کے مستقل مشن کا قیام عمل میں آگیا۔ اس سے قبل ریاض میں پاکستان کے سفیر او آئی سی میں ملک کی نمائندگی کیا کرتے تھے۔
او آئی سی کے لئے اپنا مستقل مشن قائم کرنے کا فیصلہ تنظیم کی مختلف قراردادوں اور اعلانات کی پیروی میں کیا گیا ہے ، تاکہ ممبر ممالک او آئی سی کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھ سکیں۔ او آئی سی میں نئے مشن کا قیام ، پاکستان کی اس خواہش کا مظہر ہے کہ وہ او آئی سی اور اس کے ماتحت اداروں کے ساتھ قریبی اور مستحکم تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ رضوان شیخ نے جنگ کو بتایا کہ بانی ممبر کی حیثیت سے پاکستان او آئی سی کو بہت اہمیت دیتا ہے ، اس ادارے نے اسلامی ممالک میں اتحاد کو فروغ دیا اور یہ اقوام متحدہ کے بعد دوسرا بڑا بین الاقوامی ادارہ ہے۔
او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی نقطہ نظر کی مستقل حمایت کی ہے۔ او آئی سی کے ذیلی ادارے اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کی مالی اعانت سے فائدہ اٹھانے والوں میں پاکستان بھی شامل ہے۔ جدہ میں او آئی سی کے لئے پاکستان کے مستقل مشن کے قیام کا مقصد تنظیم میں پاکستان کےکردارکو بڑھانے اور او آئی سی کے نظام کے ساتھ باہمی تعاون اور کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔