کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیلئے سندھ بھر میں مظاہرے کئے گئے جس میں حیدرآباد،میر پور خاص، ٹنڈوالہیار، سانگھڑ، نواب شاہ، سکھر، عمرکوٹ، نوشہروفیروز، کوٹری، خیرپور،ٹھٹھہ، گھوٹکی سمیت متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے کئے گئے جس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت تنظیمی ذمہ داروں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے تعصب سے عاری ہونے چاہیں، خصوصی عدالت کے فیصلے سے ملک بھر کے محب وطن عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ حیدرآباد میں 6مقامات پر علیحدہ علیحدہ مظاہرے ہوئے۔ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین مسعود محمود، ظفر کمالی اور دیگر رہنمائوں نے جو ریلی سے جلوسوں کی شکل اختیار کر لی تھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے قوموں کی تقدیر بنتے ہیں اور اگر فیصلوں کی زبان اس طرح کی ہو تو پھر عوام اور ہر پاکستانی کیا رائے قائم کریگا اس لیے ردعمل آرہا ہے ۔ہم عدالتوں کا بہت احترام کرتے ہیں اور عدالتوں سے ہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس فیصلے کا جائزہ لینگے۔سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے میں جو زبان استعمال کی گئی ہے اس نے میرٹ پر بھی سوال اٹھا دئیے ہیں، یہ الفاظ قابل افسوس اور تکلیف دہ ہیں، ماضی میں وزیراعظم عدالتوں کو کنگروکورٹس کہتے رہے لیکن ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور اس احتجاج سے انھیں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ عدلیہ ہی عوام کے جذبات کا خیال کرتے ہوئے اور بھارت کی آنکھ میں آنکھ دال کر بات کرنے والے جنرل پرویز مشرف کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے فیصلے کا جائزہ لیں۔ بھارت پاکستان کے محب وطن عوام اور اس فیصلے کے بعد کی صورتحال پر ہمارا مذاق اڑا رہا ہے ۔ عدالتوں کے فیصلے تعصب سے عاری ہونے چاہئیں عوام نے عدلیہ کی حمایت میں تحریک کو دوام بخشا اب عدلیہ اپنا کردار ادا کر کے انتشار کی کیفیت کا خاتمہ کرے۔ عوام جنرل پرویز مشرف کے خلاف آنیوالے فیصلے کے چھپے اسباب جانا چاہتے ہیں ۔ارکین رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اتوار کو لیاقت آباد فلائی اوور پر لاکھوں شہری سابق صدر پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کرینگے۔